QR CodeQR Code

جے ڈی سی کے تحت مفت ڈائلسز سینٹر کا افتتاح

16 Apr 2021 17:20

تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جے ڈی سی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جس نے گردوں کے مریضوں کو ڈائلسز کی بہترین سہولیات مفت میں فراہم کرنے کے لئے یہ سینٹر قائم کیا ہے، ظفر عباس جیسے لوگ ہمارے ملک کے حقیقی ہیروز ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے لیاقت آباد ڈسپینسری میں جے ڈی سی کے تحت مفت ڈائلسز سینٹر کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر شہزاد میمن، ڈپٹی کمشنر وسطی راجہ ایم بی دھاریجو، میونسپل کمشنر وسطی محمد علی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سینٹر کے افتتاح کے بعد صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے مختلف شعبوں کا دورہ اور سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر جے ڈی سی کے جنرل سیکرٹری سید ظفر عباس نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں 30 ہزار مریضوں کے لئے مفت ڈائلسز کے لئے 50 سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں، آج پہلے سینٹر کا افتتاح کیا ہے، جس میں ہر ماہ 600 مریضوں کا مفت ڈائلسز کیا جائے گا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن ہے کہ ہر جگہ صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جے ڈی سی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جس نے گردوں کے مریضوں کو ڈائلسز کی بہترین سہولیات مفت میں فراہم کرنے کے لئے یہ سینٹر قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظفر عباس جیسے لوگ ہمارے ملک کے حقیقی ہیروز ہیں۔


خبر کا کوڈ: 927529

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/927529/1/جے-ڈی-سی-کے-تحت-مفت-ڈائلسز-سینٹر-کا-افتتاح

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org