QR CodeQR Code

مشہد مقدس، شہادت امام جعفر صادق و برسی امام خمینی کے سلسلے میں مجلس 

6 Jun 2021 10:01

مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے امام خمینی کے بارے میں کہا کہ آپ کا وجود اپنا نہ رہا تھا بلکہ آپ اسلام میں ضم ہوچکے تھے، آپ کا کام خدا کے لیے خالص تھا اور جب بھی کوئی خود کو خدا کے لیے وقف کر دیتا ہے تو خدا اپنی ساری رحمتوں کو اس کے ساتھ کردیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان (موسسہ شہید عارف الحسینی) شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام شہادت امام جعفر صادق علیہ السلام اور امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی 32 ویں برسی کی مناسبت سے دفتر مجلس شعبہ مشہد میں مجلس عزا منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام اور طلاب عظام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مجلس کے مقرر اور خطیب سخنران حجت الاسلام و المسلمین حجت گنابادی نژاد مشاور و معاون تبلیغات اسلامی آستان قدس رضوی تھے۔ مجلس کا آغاز زیارت عاشورہ سے ہوا، جس کی سعادت مظاہر حسین منتظری نے حاصل کی، اس کے بعد قمر علی کشمیری نے اپنی سوز بھری آواز میں مرثیہ پڑھا۔ حجت الاسلام والمسلمین آقای حجت گنابادی نژاد نے اپنے خطاب میں امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت طیبہ پہ تفصیل سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ امام صادق علیہ السلام کا دور بنی عباس کا دور تھا اور بہت ہی سخت دور تھا، امام صادق علیہ السلام نے امام محمد باقر علیہ السلام کے علوم کہ جن کی آپ نے بنیاد رکھی تھی، انہیں پروان چڑھایا اور تقریباً 4 ہزار شاگردوں کی تربیت فرمائی، تمام آئمہ معصومین علیہم السلام کی زندگی ہمیشہ مبارزہ و جہاد میں گزری، لیکن امام جعفر صادق علیہ السلام کا دور بنی عباس کا دور اور بہت ہی مشکل دور تھا۔



آقائے گنابادی نژاد نے امام خمینی کے عظیم انقلاب کی وجوہات کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی کا وجود اپنا نہ رہا تھا بلکہ آپ اسلام میں ضم ہوچکے تھے، آپ کا کام خدا کے لیے خالص تھا اور جب بھی کوئی خود کو خدا کے لیے وقف کر دیتا ہے تو خدا اپنی ساری رحمتوں کو اس کے ساتھ کردیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی لوگ انہیں فرزند اسلام کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ امام خمینی نے اصل اسلام اور اسلام ناب سے لوگوں کو متعارف کروایا، امام نے دین کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی اور مطمئن قلب کے ساتھ وداع کیا۔ لوگ امام خمینی رضوان اللہ علیہ کو رہتی دنیا تک یاد رکھیں گے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض حجت الاسلام شیخ عارف حسین نے انجام دیے۔


خبر کا کوڈ: 936550

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/936550/1/مشہد-مقدس-شہادت-امام-جعفر-صادق-برسی-خمینی-کے-سلسلے-میں-مجلس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org