QR CodeQR Code

لاہور، نہج البلاغہ کانفرنس

25 Jul 2021 21:20

لاہور میں منعقدہ نہج البلاغہ کانفرنس سے خطاب میں رہنماوں کا کہنا تھا کہ قرآن مجید کی طرح شیعہ سنی علماء نے نہج البلاغہ کی بھی تفسیریں تحریر کی ہیں۔ سید شریف رضی نے ایک ہزار سال پہلے مولائے کائنات کے کلام کو کتابی شکل میں ترتیب دیا جو امت مسلمہ کے پاس ایک بہت بڑا علمی ذخیرہ ہے۔ نہج البلاغہ سے معاشرتی، سیاسی، اور سماجی مسائل کے حل میں رہنمائی ملتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مرکز افکار اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام قومی مرکز شادمان لاہور میں نہج البلاغہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلام امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام، نہج البلاغہ فصاحت و بلاغت اور سیاست اسلامی کے اسلوب کا خزانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہج البلاغہ کے مفاہیم عقائد تخلیق کائنات فصاحت و بلاغت معاشرتی طرز زندگی اور مثالی اسلامی معاشرہ قائم کرنے کیلئے گرانقدر رہنمائی دیتا ہے، نہج البلاغہ کو اخ القرآن یعنی قرآن کا بھائی قرار دیا گیا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نہج البلاغہ خلیفة المسلمین شیر خدا حضرت امیر المومنین علی علیہ السلام کے صحیح السند خطبات، خطوط اور زریں اقوال کا مجموعہ ہے، فصاحت و بلاغت اور عربی ادب کا عظیم شاہکار ہے، جس میں تفسیر قرآن، خالص توحید، اخلاقیات، معاشیات، حقوق بشر اور اسلامی سیاست کے رہنما اصول اور کامیاب زندگی کے بہترین اصول بیان ہوئے ہیں، اس کے علاوہ مخلوقات خدا کی خلقت کا فلسفہ اور اقوام عالم کے عروج و زوال کے اسباب کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 945060

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/945060/1/لاہور-نہج-البلاغہ-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org