QR CodeQR Code

کوئٹہ، علامہ احمد اقبال رضوی کا متعدد مقامات کا دورہ

22 Sep 2021 21:53

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء نے سردار عطاء اللہ مینگل کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں مدرسہ علمیہ علی ابن ابیطالبؑ کا دورہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی کو ماہ صفر المظفر کی مجالس کے لئے کوئٹہ کے مومنین نے دعوت دی تھی، جس پر وہ کوئٹہ تشریف لائے۔ اس موقع پر انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے کارکنوں کے ساتھ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اختر جان مینگل کے والد عطاء اللہ مینگل کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی اور بی این پی رہنماء سے ان کے والد کے وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل ارباب لیاقت علی ہزارہ اور دیگر عہدیداران سمیت ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے کارکن بھی علامہ احمد اقبال رضوی کے ہمراہ موجود تھے۔

علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں واقع مدرسہ علمیہ علی ابن ابی طالبؑ کا بھی دورہ کیا اور سرپرست و مدیر مدرسہ علامہ محمد کاظم بہجتی اور مدرس علامہ عارف حیدر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء اور مدرسہ علی ابن ابی طالبؑ کے سرپرست کے درمیان معاشرتی مسائل اور ان کی روک تھام کے لئے ضروری اقدامات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ دونوں علمائے کرام نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور معاشرے کی بہتری کے لئے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔


خبر کا کوڈ: 955234

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/955234/1/کوئٹہ-علامہ-احمد-اقبال-رضوی-کا-متعدد-مقامات-دورہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org