0
Thursday 14 Oct 2021 23:08

ملتان، بہائوالدین زکریا یونیورسٹی میں سالانہ ''یوم حسین'' کا انعقاد

اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان ڈویژن کے زیراہتمام بہائوالدین زکریا یونیورسٹی میں سالانہ یوم حسین کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یوم حسین کی تقریب میں یونیورسٹی کے پروفیسرز، اساتذہ، طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد سے آئے ہوئے مہمان عالم دین علامہ حافظ سید حیدر نقوی نے امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانی اور انسانی معاشرے پر پڑنے والے اثرات پر گفتگو کی۔ علامہ حافظ سید حیدر نقوی نے کہا کہ واقعہ کربلا رہتی دنیا تک ایک ترازو ہے، کربلا سے وابستگی انسانیت کی معراج ہے، کربلا میں ایک ایک کردار اپنی انتہاء پر ہے، سیدالشہداء کو جو صحابی میسر تھے، وہ یقیناً کسی اور کو میسر نہ تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کربلا کا ایک ایک شہید اپنے اندر ایک تحریک رکھتا ہے، دنیا میں جس نے بھی کربلا سے درس انقلاب حاصل کیا ہے، وہ سربلند ہوا ہے، کربلا میں کچھ ایسے معیارات قائم ہوئے ہیں، جن کی مثال تاریخ عالم میں نہیں ملتی، شب عاشور شہدائے کربلا کے خیموں سے قرآنی صدائیں رہتی دنیا تک اُنس با قرآن کی لازوال مثال ہیں، آج ہمیں قرآن سے وابستہ ہونے کی ضرورت ہے۔ یوم حسین کی تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر نثار علی شاہ چیئرمین فارمیسی ڈیپارٹمنٹ، خانم سیدہ زہراء زیدی، پروفیسر ڈاکٹر صہیب راشد خان، پروفیسر ڈاکٹر حسن شیرازی اور پروفیسر ڈاکٹر عمار زیدی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 958755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش