QR CodeQR Code

کوئٹہ، ولادت رسول خدا (ص) کے موقع پر ایوارڈز کی تقریب

26 Oct 2021 00:01

رحمت للعالمین ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی حسنین حسینی نے معاشرے میں خدمت انسانیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ رحمت للعالمین ایوارڈز کا سلسلہ ہر سال جاری رکھا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ (ص) اور امام جعفر صادقؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر کوئٹہ میں رضاکارانہ خدمات پیش کرنے والے افراد اور اداروں کے سربراہان میں "رحمت للعالمین ایوارڈز" تقسیم کئے گئے۔ اس تقریب کا انعقاد فاطمیہ اسلامک سینٹر کی جانب سے ہوا۔ تقریب میں کوئٹہ کے معروف علماء علامہ ڈاکٹر سید احمد کاظمی، علامہ محمد کاظم بہجتی، علامہ عارف حیدر اور حاجی سجاد نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر ایوارڈز حاصل کرنے والے افراد میں اجتماعی شادیاں کمیٹی کے رکن اور امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی، معروف عالم دین علامہ ڈاکٹر محمد موسیٰ حسینی، سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری میجر (ر) نادر حسین، ابو تراب اسکاؤٹس کے سربراہ حاجی حسن، نور ویلفیئر سوسائٹی کے عامر علی چنگیزی، دی ولنٹیئرز کے انجینئر محمد نعیم، امید لائبریری کے اصغر علی اور زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے افراد سمیت اجتماعی خدمات پیش کرنے والے مختلف اداروں کے نمائندوں کو ایوارڈز پیش کئے گئے۔

رحمت للعالمین ایوارڈز کی تقریب سے فاطمیہ اسلامک سینٹر کے سربراہ علامہ علی حسنین حسینی نے خطاب کرتے ہوئے عالم اسلام کو پیغمبر خدا (ص) کی آمد پر مبارکباد پیش کی اور معاشرے میں خدمت انسانیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد اپنا قیمتی وقت دوسروں کی خدمت میں صرف کرتے ہیں، ان کی قدردانی اشد ضروری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ رحمت للعالمین ایوارڈز کا سلسلہ ہر سال جاری رکھا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 960454

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/960454/1/کوئٹہ-ولادت-رسول-خدا-ص-کے-موقع-پر-ایوارڈز-کی-تقریب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org