QR CodeQR Code

کرگل کشمیر، حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کا یوم ولادت

25 Jan 2022 22:16

حاجیہ بانو ناصری نے کہا کہ موجودہ تباہ حال معاشرہ کی اصلاح کیلئے خواتین کی تربیت اولین ترجیح کی حامل ہے اور حضرت فاطمہ زہرا (س) کی سیرت طیبہ خواتین کی تربیت کا واحد سرچشمہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر مسلمانان عالم کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے امام خمینیؒ میموریل ٹرسٹ کرگل نے ایک پُروقار محفل کا انعقاد کیا۔ امام خمینیؒ میموریل ٹرسٹ نے اس موقع پر جگہ جگہ حضرت فاطمہ زہرا (س) اور خواتین سے متعلق ائمہ اطہار و بزرگان دین کے اقوال ذریں سے مزئین شدہ بینرز بھی لگائے تھے۔ کرگل کے زینبیہ کنونشن حال کو عمدہ طریقے سے سجایا گیا تھا جہاں دن بھر محفل ولادت جناب فاطمہ زہرا (س) کا اہتمام کیا گیا تھا۔ محفل میں کثیر تعداد میں کنیزان فاطمہ زہرا (س) نے شرکت کی۔ اس دوران حاجیہ بانو ناصری نے جناب فاطمہ زہرا (س) کو خواتین کے لئے بہترین  رول ماڈل قرار دیا۔ انہوں نے عالم اسلام کے امن و سلامتی کی دعا کی۔ حاجیہ ناصری نے کہا کہ خداوند عالم نے سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کو بے پناہ عظمت عطا کی اور خواتین عالم کے لئے نمونہ عمل قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیدہ زہرا نے کارِ رسالت میں اپنے والد محترم حضرت محمد مصطفٰی (ص) کی اس حد تک خدمت و معاونت کی کہ آپ کو ام ابیہا کا لقب عطا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تباہ حال معاشرہ کی اصلاح کے لئے خواتین کی تربیت اولین ترجیح کی حامل ہے اور حضرت فاطمہ زہرا (س) کی سیرت طیبہ خواتین کی تربیت کا واحد سرچشمہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی جامع مسجد کرگل میں بھی ایک محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں مولانا سید کاظم موسوی صابری نے فاطمہ زہرا (س) کی شان اقدس میں تفصیلی گفتگو کی۔


خبر کا کوڈ: 975570

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/gallery/975570/1/کرگل-کشمیر-حضرت-فاطمۃ-الزہرا-س-کا-یوم-ولادت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org