1
0
Tuesday 20 Dec 2011 23:15

امام خمینی، امام حسن البنٰی اور نجم الدین کی روحوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ امت مسلمہ متحد ہے، قاضی حسین احمد

امام خمینی، امام حسن البنٰی اور نجم الدین کی روحوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ امت مسلمہ متحد ہے، قاضی حسین احمد
جماعت سلامی پاکستان کے سابق امیر قاضی حسین احمد بانی جماعت سید ابوالاعلٰی مودودی اور میاں طفیل محمد کے بعد جماعت اسلامی کے تیسرے امیر منتخب ہوئے، اس سے قبل 1970ء میں جماعت اسلامی کے رکن بنے، پھر جماعت اسلامی پشاورکے علاوہ صوبہ سرحد(موجودہ خیبر پختونخوا) کی امارت کی ذمہ داری بھی ادا کی، 1978ء میں آپ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور پھر1987ء میں جماعت اسلامی پاکستان امیر کے منتخب کر لیے گئے، قاضی صاحب 2 مرتبہ سینٹ اور قومی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ اسلامی تحریکوں کے غیر فعال اتحاد متحدہ مجلس عمل کے صدر کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں، اسلام ٹائمز نے قاضی حسین احمد کیساتھ انٹرویو کا اہتمام کیا، قاضی صاحب سے ناگزیر وجوہات کی بناء پر مختصر گفتگو ہی ممکن ہو سکی جو قارئین کے پیش خدمت ہے۔

اسلام ٹائمز:قاضی صاحب، جماعت اسلامی کے پشاور میں منعقدہ جلسہ انقلاب کے مقاصد کیا تھے، اور آپ کے خیال میں یہ جلسہ کس حد تک کامیاب رہا۔؟
قاضی حسین احمد:بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ پشاور میں منعقد ہونے والا جلسہ انقلاب خیبر پختونخوا کے عوام کا ایک نمائندہ اجتماع تھا، یہ کامیاب جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام اسلامی انقلاب چاہتے ہیں، خاص طور پر صوبہ خیبر پختونخوا کے لوگ اس اسلامی بیداری کی تحریک کیساتھ ہیں جو عالم عرب میں جنم لے چکی ہے، مولانا سید ابوالاعلٰی مودودی نے جس تحریک کو منظم کیا، پشاور کا اجتماع اس تحریک کی طرف سے پورے عالم اسلام اور امام خمینی، امام حسن البنٰی، نجم الدین کی روحوں کو پیغام ہے کہ ہم اکھٹے اور متحد ہیں، امت مسلمہ ہر اختلاف اور تعصب سے بالاتر ہو کر پوری انسانیت کو عدل اور انصاف کا پیغام دینا چاہتی ہے اور امن، عدل اور انصاف ہی اس جلسے کا سبق ہے، ہم ایک نئی دنیا بنانا چاہتے ہیں جہاں پوری انسانیت کیلئے فلاح ہو، ایسی دنیا جو امریکی سرمایہ دارانہ نظام اور امریکی ظلم و جبر سے بالکل پاک اور اسلام کے نظام عدل پر مبنی ہو۔

اسلام ٹائمز:مختلف مذہبی رہنمائوں کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ امت مسلمہ کو تقسیم کرنے میں امریکی اور اسرائیلی سوچ اور پیسہ ملوث ہے، آپ اس بار ے میں کیا کہیں گے۔؟
قاضی حسین احمد:مسلمانوں کے درمیان نسل اور فرقہ کی بنیاد پر اختلاف پیدا کرنا ہمارے دشمنوں کا پرانہ حربہ ہے، امریکہ بھارت اور اسرائیل کیساتھ ملکر اسی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ خطہ کو امریکی تسلط سے آزاد کرانے کیلئے اسلامی تحریکیں عالم اسلام کی قیادت سنبھال لیں۔

اسلام ٹائمز:پاکستان سے فرقہ واریت کے ناسور کے مکمل خاتمہ کیلئے کس قسم کے اقدامات کی ضرورت ہے اور جماعت اسلامی نے اس حوالے سے کیا کردار ادا کیا ہے۔؟
قاضی حسین احمد:جماعت اسلامی کا جلسہ انقلاب ان اقدامات کا حصہ ہے، ہم فرقہ واریت کیخلاف کھل کر بات کر رہے ہیں اور امت مسلمہ کو ایک جگہ پر اکھٹا ہونے کی دعوت دے رہے ہیں، لہٰذا یہ جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم فرقہ واریت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

اسلام ٹائمز:کیا آپ سمجھتے ہیں کہ صدر زرداری کا دور اقتدار ختم ہونے کے قریب ہے یا پھر وہ وطن واپس آ کر پہلے کی طرح پیپلزپارٹی اور حکومت کی باگ دوڑ سنبھال لیں گے۔؟
قاضی حسین احمد:اگر صدر زرداری کے اقتدار کا خاتمہ ابھی نہ ہوا تو کچھ عرصہ بعد انتخابات تو ہوں گے، اور مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں یہ قوم اچھا فیصلہ کرے گی اور اہل قیادت کو سامنے لائے گی۔

اسلام ٹائمز:آپ کے خیال میں کیا امریکہ افغانستان سے جانے والا ہے یا پھر وہ 2014ء کے بعد بھی افغانستان میں موجود رہنے کے اعلان پر عملدرآمد کرے گا۔؟
قاضی حسین احمد:دیکھیں، خود تو کوئی نہیں جاتا، جب تک اسے دھکے دے کر نہ نکالا جائے، اور اس کے لئے قربانی کی ضرورت ہو گی، ہم اس لئے امت کو متحد کرنا چاہتے ہیں کہ وہ قربانی کیلئے تیار ہو جائے، تاکہ ہم امت کو امریکی غلامی سے نجات دلا سکیں، نہ صرف افغانستان سے امریکہ کو باہر بھیجنا ضروری ہے بلکہ پاکستان میں بھی امریکیوں کو قدم جمانے کو موقع نہیں دینا چاہئے۔

اسلام ٹائمز:مہمند حملے کے بعد عسکری قیادت نے سرحدوں کی دوبارہ خلاف ورزی پر امریکی طیارے مار گرانے کے احکامات جاری کئے تھے، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ آئندہ سرحدی خلاف ورزی کی صورت میں پاکستان ایکشن لے گا۔؟
قاضی حسین احمد:جب تک پاک فوج اس حوالے سے عملی کارروائی نہیں کرتی اس وقت تک امریکیوں کے ہوش ٹھکانے نہیں آئیں گے، ہماری افواج ایک مرتبہ ان کے طیاروں کیخلاف کارروائی کر کے قوم کو دکھائیں پھر قوم کو تسلی ہو گی اور نیا جذبہ بھی پیدا ہو گا کہ واقعی پاکستان کی پالیسی میں تبدیلی آئی ہے، ہم بھی اسی قسم کا جوش و جذبہ اور آزادی چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 123862
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
Allah Ap ko Umat ka Hal darust karny ki twfieek day
ہماری پیشکش