0
Wednesday 21 Mar 2012 01:30

حکومت ہند پوری طرح اسرائیل اور امریکہ کے زیر اثر ہے، اصغر انصاری

حکومت ہند پوری طرح اسرائیل اور امریکہ کے زیر اثر ہے، اصغر انصاری

جناب اصغر علی انصاری اردو میڈیا کے ایک مایہ ناز خزینہ ہیں، آپ نے بھارت میں اردو صحافت کو ایک نئی جلا عطا فرمائی ہے، نوآموز صحافیوں کے لئے آپ اعلٰی مرتبت کے مربی و راہنما ہیں آپ صحافیوں کے لئے واقعاً ایک شفیق ترین استاد کی حیثیت رکھتے ہیں، اصغر انصاری سابقہ پچیس سال سے اردو میڈیا سے منسلک ہیں، حقیقت حال یہ ہے کہ آپ نے اردو صحافت کے لئے اپنے کل وجود کو بمعہ اہل خانہ وقف کر رکھا ہے جسکی نظیر نہیں ملتی ہے، آپ ساتویں جماعت میں ہی تھے کہ آپ کے مضامین کشمیر کے اخبارات میں شائع ہوتے تھے، عالم اسلام خاص کر کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر آپ کو مکمل دسترس حاصل ہے، فعلا ً آپ یو این این اور روزنامہ اردونیٹ کے مدیر ہیں، ساتھ ہی ساتھ آپ کے زیر نظارت و صدارت ایک این جی او بنام فاطمہ فاونڈیشن خدمت خلق میں مصروف ہے۔

اسلام ٹائمز: ہم اولاً آپ کے تعارف و مصروفیت کے بارے میں جاننا چاہیں گے۔؟
اصغر انصاری: سب سے پہلے میں آپ کا اور اسلام ٹائمز کے دیگر کارکنان کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، میرا مختصر تعارف یہ ہے کہ میرا نام اصغر علی انصاری ہے، دہلی میں مقیم ہوں اور پچھلے پچیس سال سے صحافت سے وابستہ ہوں، فی الوقت یو این این اور اردو نیٹ میں مدیریت کے فرائض انجام دے رہا ہوں۔

اسلام ٹائمز: عالمی سیاست کو مدنظر رکھتے ہوئے استعماری قوتوں کی مسلم کش مہم اور اس سلسلہ میں اردو میڈیا کے رول کے حوالے سے آپ کا تجزیہ کیا ہے۔؟
اصغر انصاری: گزشتہ ایک دہائی سے عالمی پیمانے پر اسلام کے خلاف اسرائیلی اور امریکی جنگ جسے انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ قرار دیکر دنیا کو گمراہ کیا ہے، اسلامو فوبیا کی تخلیق کر کے مسلمانوں اور اسلام کو مسلسل بدنام کیا جا رہا ہے، اسرائیل اور امریکہ کی اس سازش سے ہندوستان میں اگر کسی نے پردہ اٹھایا ہے اور اسرائیلی و امریکی سازش سے لوہا لیا ہے تو وہ ہیں اردو اخبارات اور اردو صحافی، اردو صحافیوں نے دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ کی حقیقت کو عوام تک پہنچایا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ کس طرح امریکہ و اسرائیل جھوٹے پروپیگنڈے کر کے مسلمانوں اور اسلام کو بدنام کر رہا ہے اور اسلام فوبیا پیدا کرنے کے لئے کس طرح مختلف ذرائع کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
 کس طرح انٹر نیٹ اور سوشل ویب سائٹوں کو اسلام اور مسلمانوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، رسول اسلام (ص) اور قرآن پاک کی ہتک کر کے مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اتنا ہی نہیں جہاں ہندوستان کا ہندی، انگریزی اور الیکٹرونک میڈیا امریکہ و اسرائیل کی اس سازش میں ان ممالک کا پوری طرح حلیف بنا ہوا ہے، اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے وہیں اردو میڈیا نے ان دونوں شر پسند ممالک کی تمام سازشوں کو Expose کیا ہے۔
ہندوستان کا مین اسٹریم میڈیا فلسطین معاملہ میں پوری طرح اسرائیل کا ساتھ دیتا نظر آیا تو اردو میڈیا نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کو منظر عام پر لایا، قبلہ اول اور مسجد اقصٰی کو منہدم کرنے کی اسرائیلی سازش اور کاروائیاں غزہ اور مغربی کنارے پر مسلسل بمباری کر کے فلسطینی عورتوں اور بچوں کی ہلاکت کے واقعات، مساجد کو نذر آتش کرنے کے واقعات کو منظر عام پر لائے الغرض اردو اخبارات اور صحافی اس پر آشوب دور میں محدود وسائل کے باوجود ایک کار عظیم انجام دے رہے ہیں، اگر ہم یہ کہیں کہ اردو صحافی ظلم و استبداد کے خلاف مسلسل جہاد کر رہے ہیں تو یہ بے جا نہ ہو گا، شائد اسی لئے اب حق کی اس آواز کو دبانے کے لئے اسرائیل، امریکہ اور بھارت میدان میں آ گیا ہے اور اپنی خونی تلوار اب اردو میڈ یا کی گردن پر رکھنے کی تیاری کر چکا ہے۔

اسلام ٹائمز: سینئر مقید صحافی محمد احمد کاظمی کا تعارف اور انکی گرفتاری کے بارے میں آپ کیا کہنا چاہیں گے۔؟
اصغر انصاری: جیسا کہ میں نے عرض کیا کہ حق کی آواز کو دبانے کے لئے اسرائیل، امریکہ اور بھارت میدان میں آگئے ہیں اور اپنی خونی تلوار اب اردو میڈیا کی گردن پر رکھنے کی تیاری کر چکے ہیں تو معروف معتبر اور عزت مند صحافی محمد احمد کاظمی کی گرفتاری بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، محمد احمد کاظمی تیس سال سے اردو صحافت سے جڑے ہوئے ہیں، وہ کئی غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں اور ٹی وی کے لئے کام کرتے رہے ہیں، حکومت ہند سے اکریڈیٹ ہیں، جس کا مطلب ہے محمد احمد کاظمی ایک قابل اعتبار صحافی ہیں۔
 عراق جنگ میں محمد احمد کاظمی میدان جنگ سے بھارتی میڈیا دور درشن کے لئے براہ راست رپورٹنگ کر چکے ہیں، محمد احمد کاظمی عرصہ دراز سے اسرائیلی سازشوں اور امریکی عیاریوں کے خلاف لکھتے رہے ہیں، ان کا جھکاﺅ ایران کی طرف رہا ہے وہ مسلسل شام اور ایران کے حق میں لکھتے رہے ہیں، اپنی صحافتی ذمہ داریوں کے تحت ایران اور شام کا سفر بھی کرتے رہے ہیں، اسی ضمن میں وہ ایرانیوں کے رابطہ میں رہے ہیں اور ایران فون کال کرتے رہے ہیں، ابھی جس الزام میں محمد احمد کاظمی کو گرفتار کیا گیا ہے وہ انتہائی لغو اور بیہودہ ہے۔

اسلام ٹائمز: امریکہ اور اسرائیل عالم اسلام کے ساتھ سالہا سال سے کون سا کھیل کھیل رہا ہے، کیا ہے اسکے پس پردہ۔؟
اصغر انصاری: دیکھئے سرد جنگ کے نتیجہ میں اپنے مدمقابل سپر پاور روس کو ختم کر کے امریکہ نے پوری دنیا پر اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کے لئے اپنے تمام مخالفین کو ختم کرنے کی مہم شروع کی، جس کے نتیجہ میں افغان عراق اور لیبیا میں فوج کشی کی گئی اور دیگر مخالفین مثلاً ہندوستان جیسے ممالک کو ڈپلومیسی کے ذریعہ اپنا ہمدرد بنایا گیا، عالم اسلام ہمیشہ امریکہ کے نشانہ پر رہا، اپنی ناجائز اولاد اسرائیل کو تحفظ دینے اور اسے عالمی برادری بلخصوص عالم اسلام کے ذریعہ اسرائیل کو قبول کرانے کی سازش کے تحت عالم اسلام کو بڑی کامیابی سے اپنے چنگل میں لے کر اپنا حلیف بنایا، اب دے لیکر عالم اسلام میں ایران اور شام دو ایسے ملک ہیں جو کسی طرح اس کی سازش کا شکار نہیں ہو سکے، اس لئے ان دونوں ممالک کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، فی الوقت شام اور ایران امریکہ اور اسرائیل کے نشانہ پر ہیں اور عرب حلیف بھرپور اسرائیل اور امریکہ کا ساتھ دے رہے ہیں۔

اسلام ٹائمز: بھارت میں طویل مدت سے موساد اور امریکی انٹیلی جنس کی موجودگی کو آپ کس نگاہ سے دیکھتے ہیں۔؟
اصغر انصاری: امریکہ کی اسپانسر شدہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان امریکہ کا حلیف ہے اور دہشتگردی کے خلاف اسرائیل کی موساد اور امریکی انٹیلی جنس اور ہندوستان کی ا نٹیلی جنس کے درمیان اتحاد کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے، ہم جانتے ہیں کہ موساد اور اسرائیلی انٹیلی جنس کے لوگ عرصہ دراز سے ہندوستان میں موجود ہیں اور دہشتگردی کے خلاف ہندوستانی سکیورٹی اور انٹیلی جنس کو تربیت دیتے رہے ہیں، کشمیر میں بھی موساد اور امریکہ کی انٹیلی جنس کی موجودگی کی خبریں مبڈبا میں آ چکی ہیں، اس کے علاوہ ہم جانتے ہیں دہشتگردی کو بہانہ بنا کر کس طرح سے بے گناہ مسلمانوں کو مسلسل پریشان کیا جا رہا ہے، کس طرح مسلم نوجوانوں کو بلا جواز جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے، ہندوستان میں میڈیا کی ورکشاپ کر کے امریکی تنظیمیں مسلم دشمنی کے طریقے اور اسلام کو بدنام کرنے والی اصطلاحات سکھاتی رہی ہیں، جس میں بھارت بھی برابر کا حصہ دار ہے۔

اسلام ٹائمز: بھارت میں اردو میڈیا کا رول جو آپ نے بیان فرمایا اس پر استعماری قوتوں کا ردعمل کیا ہو رہا ہے۔؟
اصغر انصاری: آپ ضرور واقف ہونگے کہ بھارت میں ہندو دہشتگردی کا پردہ فاش ہو چکا ہے اور ہندو دہشتگردی آر ایس ایس کی سازشوں کو بے نقاب کرنے میں بھی اردو میڈیا پیش پیش رہا ہے، ایسی صورت میں حق کی اس آواز کو چپ کرانے کی سازش کی جا رہی ہے، یعنی ہم جانتے ہیں ہندوستانی انتظامیہ انٹیلی جنس میں بھی آر ایس ایس کے ہمنواﺅں کی بڑی تعداد موجود ہے، یہ تمام عوامل اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ امریکہ اسرائیل اور ہندوستانی انٹلیجنس ایجنسیوں نے اردو میڈیا کا گلا گھوٹنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاکہ مسلم صحافی دہشت زدہ ہو کر اسرائیل اور امریکہ و بھگوا دہشتگردی کو بے نقاب کرنا چھوڑ دیں، بلکہ اردو میڈیا وہی بولی بولے جو امریکہ اسرائیل اور بھگوا برگیڈ کے ہمنوا چاہتے ہیں۔

اسلام ٹائمز: بھارت میں امریکہ اور اسرائیل لابی کے کیا اثرات ہیں۔؟
اصغر انصاری: جیسا کہ میں نے پہلے عرض کیا کہ حکومت ہند پوری طرح اسرائیل اور امریکہ کے زیر اثر ہے، اسرائیل سے قربت راجیو گاندھی کے زمانہ میں شروع ہوئی، این ڈی اے سرکار نے اسے استحکام دیا اور یو پی اے سرکار نے ان تعلقات کو عروج پر پہنچا دیا، آج اسرائیل اور امریکہ کے ہندوستان کے متعدد شعبوں میں اشتراک ہے، جن میں اسلام اور مسلمانوں کو دہشتگردی کے نام پر ہراساں کرنا، نفسیاتی طور پر مسلمانوں کو زیر اثر لانا، دہشتگردی کے خلاف جنگ کے نام پر اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنا جیسے امور شامل ہیں۔
 من موہن سنگھ اور سونیا گاندھی کی یو پی اے سرکار نے امریکہ اور اسرائیل سے تعلقات کے زیر اثر ملک کی دوسری بڑی اکثریت (مسلمانوں) کے جذبات کا کبھی خیال نہیں کیا، امریکہ سے نوکلیائی معاہدہ کر کے ملک کے تمام شہریوں کو امریکہ کا قرض دار کرنے کا معاملہ ہو، ایران کے خلاف عالمی ایٹمی ایجنسی میں ووٹ کا معاملہ ہو یا ایرانی گیس ڈیل کو مسترد کرنے کا معاملہ ہو یا فلسطین پر اپنے دیرانہ موقف سے انحراف کا معاملہ ہو، یہ سب بھارت کی اسرائیل دوستی کا ثبوت ہے۔
 
کانگریس ہائی کمان میں امریکہ و اسرائیل کے ہمدردوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور یہ لابی عالم اسلام کی مخالف ہے، ایران کے خلاف ایٹمی ایجنسی میں ووٹ ڈالنے کے موقع پر راجیو شکلا کی ایک تحریر ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہوئی تھی، جس میں راجیو شکلا نے ایران اور عالم اسلام کے خلاف زہر اگلتے ہوئے لکھا تھا کہ ایران یا عالم اسلام سے ہندوستان کو کوئی فائدہ نہیں ہے، بلکہ عالم اسلام ہندوستان کا دشمن ہے، کیونکہ عالم اسلام کشمیر معاملہ پر ہندوستانی موقف کو تسلیم نہیں کرتا، راجیو شکلا جیسے کئی لوگ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ممبر ہیں اور کئی افراد کابینہ میں شامل ہیں۔

اسلام ٹائمز: محمد احمد کاظمی کی گرفتاری سے کون سی سازش رچائی گئی۔؟
اصغر انصاری: محمد احمد کاظمی کو اس سازش کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، تاکہ اردو میڈیا کی حق کی آواز کو کچلا جا سکے اور اردو کے جو صحافی اسرائیل و امریکہ اور سنگھ پریوار کی اسلام دشمن سازشوں کا پردہ فاش کرنے اور جہاد بالقلم کرنے میں مصروف ہیں انہیں دہشت زدہ کیا جا سکے، کاظمی کی گرفتاری کو تو نقطہ آغاز سمجھنا چاہئے، آنے والے دنوں میں اردو کے اور صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے، وقت آ گیا ہے کہ اردو صحافی برادری اس عالمی سازش کے خلاف متحد ہوں۔

خبر کا کوڈ : 146976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش