QR CodeQR Code

سعودی عرب میں شیعہ رہنما آیت اللہ النمر کو دی جانیوالی پھانسی کی سزا انتہائی قابل مذمت ہے

آل سعود پاکستان میں تکفیری دہشتگرد جماعتوں کو فنڈنگ کر رہے ہیں، صاحبزادہ اظہر رضا قادری

لبیک یارسول اللہ (ص) اور لبیک یاحسین (ع) کے نعرے کیساتھ تکفیریت کو شکست دینگے

24 Oct 2014 18:56

اسلام ٹائمز: سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما کا ”اسلام ٹائمز“ کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ملکر شیعہ سنی اتحاد و وحدت کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے کی تمام سازشوں کو ناکام بناتی رہے گی، پاکستان میں فرقہ واریت نہیں ہے، شیعہ سنی بھائی بھائی ہیں، ہم عزاداری کے اجتماعات، مجالس، ماتمی جلوسوں میں شرکت کرینگے، امام بارگاہوں میں جائیں گے، ہم کسی صورت فرقہ واریت پھیلا کر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔


کراچی سے تعلق رکھنے والے جواں سال اہلسنت رہنماء صاحبزادہ اظہر رضا قادری سنی اتحاد کونسل کے مرکزی رہنما ہیں، ماضی میں آپ اہلسنت مکتب فکر کی غیر سیاسی تنظیم دعوت اسلامی پاکستان سے بھی وابستہ رہے، صاحبزادہ اظہر رضا قادری نے سنی اتحاد کونسل کے بانی صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم مرحوم سے متاثر ہو کر سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی اور کراچی میں اتحاد کو فعال کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ اسلام ٹائمز نے صاحبزادہ اظہر رضا قادری کے ساتھ محرم الحرام کی آمد، بڑھتی ہوئی دہشتگردی، داعش کی پاکستان میں موجودگی سمیت دیگر موضوعات پر انکے دفتر میں ایک نشست کی، اس موقع پر آپ سے کیا گیا خصوصی انٹرویو قارئین کیلئے پیش ہے۔ ادارہ

اسلام ٹائمز: پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی میں کس کو ذمہ دار ٹہراتے ہیں؟
صاحبزادہ اظہر رضا قادری:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔۔۔۔۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی ذمہ دار صرف اور صرف نواز شریف اور اسکی لیگی حکومت ہے، جس نے طالبان دہشتگردوں سے نام نہاد مذاکرات کے نام پر پاک فوج کو دہشتگردی کیخلاف آپریشن کرنے سے روکے رکھا، آل سعود، آل یہود کے نمک خوار تکفیری دہشت گردوں طالبان کے سیاسی و مذہبی سرغنہ سمیع الشیطان سمیت مذہبی انتہاء پسندوں، دہشتگرد تنظیموں کو وزیراعظم ہاؤس میں بلا بلا کر میٹنگیں کیں، دعوتیں دیں، ان کے ہاتھ چومے گئے، سرکاری پروٹوکول دیا گیا اور مذاکرات مذاکرات کا ڈرامہ رچایا گیا، پنجاب سمیت ملک بھر میں دہشتگرد گروہ کھلے عام دہشتگردانہ کارروائیاں کر رہے ہیں، انہیں پکڑنے سے روکا جا رہا ہے، سکیورٹی فورسز کو ان کیخلاف کارروائیوں سے روکا جا رہا ہے، اسی وجہ سے دھاندلی کے ذریعے غیر ملکی اسلام و پاکستان دشمن عناصر کی مدد سے اقتدار پر قابض ہونے والی نواز حکومت کیخلاف سنی اتحاد کونسل پاکستان نے دھرنے اور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا تھا، ملک بھر میں نواز حکومت کی سربراہی میں پنپنے والی دہشتگردی، فرقہ واریت اور تکفیریت کے خلاف ڈاکٹر طاہرالقادری اور مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ نئے سرے سے جدوجہد شروع کرنے کا اعلان کیا اور اتحاد کیا۔

اسلام ٹائمز: نواز حکومت پر دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔۔۔۔؟
صاحبزادہ اظہر رضا قادری:
(سوال کاٹتے ہوئے) نواز حکومت پر تکفیری دہشتگردوں کی سرپرستی کا صرف الزام ہی نہیں ہے بلکہ یہ سو فیصد حقیقت پر مبنی ہے، پاکستان کا میڈیا گواہ ہے، ریکارڈ کا حصہ ہے کہ وہ کالعدم تکفیری دہشتگردی گروہ جنہیں پاکستانی ریاست کالعدم قرار دے چکی ہے وہ پاکستان بھر میں کھلے عام جلسے جلوس، ریلیاں، اجتماعات کرتے پھر رہے ہیں، محب وطن سنی شیعہ مسلمانوں کو کافر مشرک قرار دے رہے ہیں، حتیٰ کے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ریلیوں اور اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے، ابھی حال ہی میں کالعدم تکفیری دہشتگرد جماعتوں نے پابندی کے باوجود پاکستان بھر میں کروڑوں روپے کی کھالیں جمع کیں، ان کروڑوں روپے سے کیا وہ پاکستانی عوام کیلئے فلاحی ادارے قائم کریں گے، سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے گی، نہیں اس پیسے سے ملک بھر میں شیعہ سنی عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جائے گا، اب اس پر حکومتی خاموشی کو سرپرستی نہیں کہا جائے تو کیا کہا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ نواز حکومت نے ملک بھر میں آل سعود آل یہود کی نمک خواری کرتے ہوئے تکفیری دہشتگردوں کی نرسریاں قائم کیں، دہشتگردوں کو قتل و غارتگری کا کھلا لائسنس دیا گیا کہ جب آپ کا دل چاہے اہل تشیع مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کریں، جب چاہے اہلسنت مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کریں، حکومتی سرپرستی کے باعث تکفیری دہشتگرد جب چاہیں امام بارگاہ، مساجد، درگاہوں، مزارات اولیاء، مقدس مقامات پر حملے کریں لیکن انہیں کوئی پکڑنے والا کوئی نہیں، قانون کے کٹہرے میں لانے والا کوئی نہیں ہے، اور ظاہری سی بات ہے جب خود حکومت ہی انہیں سپورٹ کرے تو دہشتگردوں کے حوصلے کیوں بلند نہیں ہونگے۔ نواز حکومت کی سرپرستی میں پنپنے والے یہ تکفیری دہشتگرد عناصر فسادی ہیں، امریکی سعودی ایماء پر عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کر رہی ہیں، انہیں فسادی ٹولوں کو آمر جنرل ضیاء نے پیدا کیا اور آج اسی کا خمیازہ پاکستان بھگت رہا ہے۔

اسلام ٹائمز: دہشتگردوں کے خلاف کارروائی ہوتی نظر نہیں آتی، کیا کہیں گے اس حوالے سے؟
صاحبزادہ اظہر رضا قادری:
یہ تو پاکستان میں دہشتگردی کو گرفتار نہیں کیا جاتا، یا اگر کوئی دہشتگرد گرفتار ہو بھی جاتا ہے تو درجنوں لوگوں کے قاتل دہشتگردوں کو رہا کر دیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان کے محب وطن پرامن شہریوں کو ہراساں کیا جاتا ہے، بارود والوں کو پکڑنے کی بجائے درود والوں کو بلاجواز گرفتار بھی کیا جا رہا ہے، انہیں گولیاں بھی ماری جاتی ہیں، درود والوں کے گھروں پر چھاپے بھی مارے جارتے ہیں، کالعدم تکفیری دہشتگرد عناصر کو ناصرف کھلے عام سرگرمیوں کی اجازت ہے بلکہ انہیں سکیورٹی دی جاتی ہے، مکمل پروٹوکول دیا جا رہا ہے، دہشتگرد تین تین پولیس موبائلیں ساتھ لے کر گھوم رہے ہیں اور دوسری جانب محب وطن افراد اور تنظیمیں جو دہشتگردوں کے نشانے پر ہیں انہیں ناصرف تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ ان سے سکیورٹی بھی چھینی جا رہی ہے۔

اسلام ٹائمز: کالعدم دہشتگرد تنظیمیں اہلسنت کے نام سے کارروائیاں کرتی ہیں، حقیقت کیا ہے؟
صاحبزادہ اظہر رضا قادری:
اہلسنت کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، پاکستان میں دہشتگرد تنظیموں کا تعلق دیوبند مکتب فکر سے ہے، سوات میں دہشتگرد گرفتار ہوئے انکا تعلق دیوبند سے نکلا، راولپنڈی، لاہور میں دہشتگرد گرفتار ہوئے ان کا تعلق دیوبند سے نکلا، کراچی، حیدرآباد سمیت پاکستان بھر میں جو بھی دہشتگرد گرفتار ہوتا ہے اس کا تعلق مکتب دیوبند سے نکلتا ہے، اہلسنت کا ان دہشتگردوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، دہشتگردوں سے ہمارا کوئی میلاپ یا مذاکرات نہیں ہو سکتے، جو فرقہ پاکستان بنانے کا مخالف ہو، جو پاکستان کا دشمن ہو، پاکستان کو ناکام ریاست بنانے پر تلا ہوا ہو، جو بارودی لوگ ہوں ان سے اہلسنت کا کوئی تعلق نہیں ہو سکتا، اہلسنت پاکستان بنانے اور بچانے والے ہیں۔

اسلام ٹائمز: پاکستان میں دہشتگردی کے حوالے سے ایک عرب ملک پر سرپرستی اور فنڈنگ کا الزام عائد کیا جاتا ہے، کیا کہیں گے اس الزام کے حوالے سے؟
صاحبزادہ اظہر رضا قادری:
کراچی سمیت پاکستان بھر میں دہشتگردی میں ملوث کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کو آل سعود آل یہود کی فنڈنگ حاصل ہے، انہیں سعودی ریال دیئے جاتے ہیں، سعودی ریال سے پاکستان میں مدارس کے نام پر دہشتگردی کے مراکز قائم کئے گئے جہاں دہشتگردوں کی بھرتیاں کرکے انہیں تربیت دی گئیں۔ آج کل کراچی میں آپ میں بھی شام اور عراق میں دہشتگردی اور بربریت کا بازار گرم کرنے، مزاراتِ اہلبیت، مزاراتِ صحابہ کرام و اولیاءاللہ کو بم دھماکوں سے اڑانے والی عالمی دہشتگرد تکفیری تنظیم داعش کی موجودگی کی خبریں سن رہے ہونگے، یہ بھی سعودی پیدوار ہے۔

اسلام ٹائمز: آپ نے ابھی کراچی میں داعش کی موجودگی کا تذکرہ کیا، پاکستان میں داعش کی موجودگی کا کون ذمہ دار ہے؟
صاحبزادہ اظہر رضا قادری:
نواز حکومت، پاکستان میں اقتدار پر قابض نواز شریف کی لیگی حکومت جو پہلے سے کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہوں کو مکمل سپورٹ کر رہی ہے، آل سعود آل یہود کی ایماء پر یہی نواز حکومت پاکستان میں داعش کی موجودگی کی اصل ذمہ دار ہے، تاکہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کیا جائے، تمام محب وطن حلقوں کو اس حوالے سے عملی اقدامات کرنے ہونگے کیونکہ داعش جس کا اگلا ہدف اب پاکستان نظر آتا ہے اگر اسکے سامنے دیوار کھڑی نہ کی گئی تو وطن عزیز پاکستان کو اسکے بھانک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جیسا کہ حال ہی میں پاکستان میں دہشتگردی کرنے والے طالبان دھڑوں نے داعش میں شمولیت کا اعلان کیا ہے اس طرح سے پاکستان میں بھی داعش کا راستہ ہموار کرنے کی کوششیں جا رہی ہیں، سنی اتحاد کونسل ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتی ہے داعش کے خلاف فی الفور کارروائی کی جائے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان سمیت عالم اسلام کو اس نئے فتنے داعش کیخلاف منظم ہونا پڑیگا۔ آپ کے علم میں ہوگا کہ سعودی عرب میں شیعہ رہنما آیت اللہ النمر کو جائز حقوق کی بات کرنے، انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کرنے، آل سعود آل یہود کے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر گرفتار کر لیا جاتا ہے، قید کر دیا جاتا ہے اور انہیں پھانسی کی سزا سنا دی جاتی ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور دوسری جانب یہی آل سعود آل یہود دنیا بھر میں دہشتگردی کرنے والے، مزاراتِ اہلبیت، اصحاب کرام و اولیاءاللہ کو نشانہ بنانے اور عاشقان رسول کو قتل کرنے والے داعش و طالبان دہشتگردوں کو فنڈنگ کرتے ہیں، سرپرستی کرتے ہیں۔ مختصر یہ کہ داعش کی کراچی سمیت پاکستان بھر میں داعش کی موجودگی کی ذمہ دار سعودی امریکی نواز حکومت ہے اور یہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔

اسلام ٹائمز: کراچی سمیت پاکستان بھر میں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے کیا حل پیش کرتے ہیں؟
صاحبزادہ اظہر رضا قادری:
پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے تمام دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگائی جائے، ان کی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے، انکے تمام دفاتر بند کئے جائیں، انکے نیٹ ورک کو توڑا جائے، ان کے ہر سطح کے رہنماؤں پر پابندی لگائی جائے، انہیں نام بدل کر کام کرنے سے روکا جائے، ان تکفیری دہشتگردوں کے سیاسی و مذہبی سرپرستی کرنے والے رہنماؤں کو بھی پابندی کی زد میں لایا جائے اور پھر آپریشن ضرب عضب طرز پر کراچی سمیت ملک بھر میں کالعدم دہشتگرد جماعتوں اور دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن کیا جائے۔

اسلام ٹائمز: ماہ محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے کہیں گے؟
صاحبزادہ اظہر رضا قادری:
انشاءاللہ سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ملکر شیعہ سنی اتحاد و وحدت کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے کی تمام سازشوں کو ناکام بناتی رہے گی، پاکستان میں فرقہ واریت نہیں، کوئی شیعہ سنی فساد نہیں ہے بلکہ شیعہ سنی بھائی بھائی ہیں، انشاءاللہ ہم عزاداری کے اجتماعات، مجالس، ماتمی جلوسوں میں شرکت کرینگے، امام بارگاہوں میں جائیں گے، ہم کسی صورت فرقہ واریت پھیلا کر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، لبیک یارسول اللہ (ص) اور لبیک یاحسین (ع) کے نعرے کے ساتھ تکفیریت کو شکست دینگے۔


خبر کا کوڈ: 416221

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/interview/416221/آل-سعود-پاکستان-میں-تکفیری-دہشتگرد-جماعتوں-کو-فنڈنگ-کر-رہے-ہیں-صاحبزادہ-اظہر-رضا-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org