0
Saturday 1 Apr 2017 00:29

پاراچنار دھماکہ کے ذمہ دار ریاستی ادارے ہیں، ہمیں کسی دوسرے اقدام پر مجبور نہ کیا جائے، علامہ عابد الحسینی

پاراچنار دھماکہ کے ذمہ دار ریاستی ادارے ہیں، ہمیں کسی دوسرے اقدام پر مجبور نہ کیا جائے، علامہ عابد الحسینی
علامہ سید عابد حسین الحسینی کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ وہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور اسکے بعد تحریک جعفریہ میں صوبائی صدر اور سینیئر نائب صدر کے عہدوں پر فائز رہنے کے علاوہ ایک طویل مدت تک تحریک کی سپریم کونسل اور آئی ایس او کی مجلس نظارت کے رکن بھی رہے ہیں۔ 1997ء میں پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) کے رکن منتخب ہوئے، جبکہ آج کل علاقائی سطح پر تین مدارس دینیہ کی نظارت کے علاوہ تحریک حسینی کے سرپرست اعلٰی کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ نے پاراچنار میں آج ہونیوالے دھماکے کے حوالے سے علامہ عابد الحسینی کیساتھ ایک خصوصی انٹرویو کا اہتمام کیا ہے، جسے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ (ادارہ)

اسلام ٹائمز: آج ایک بار پھر دشمن نے پاراچنار کے نہتے عوام پر وار کیا، یہ سلسلہ تھمنے کا نام کیوں نہیں لے رہا۔؟
علامہ سید عابد الحسینی:
میں سب سے پہلے ان عظیم شہداء کے خانوادوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں، آج ایک بار پھر پاراچنار کے عوام پر بزدل اور پست دشمن نے چھپ کر وار کیا ہے، جس ملک میں ایسے بے غیرت حکمران ہوں اور جس ملک کا سابق فوجی سربراہ ایک ایسے ملک کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے فوجی اتحاد کی سربراہی کیلئے جا رہا ہو کہ جو مسلم ممالک میں دہشتگردی پھیلا رہا ہو، وہاں یہی سب کچھ ہوتا ہے۔ ہمارے ادارے ناکام ہوچکے ہیں، یہ سب کچھ محض دکھاوے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ دہشتگردوں کو ختم کرنے کا ارادہ کریں اور ایک مضبوط فوج کی موجودگی میں آپ دہشتگردوں کا کچھ نہ بگاڑ سکیں۔ ہمیں ان حکمرانوں سے کوئی امید نہیں ہے۔

اسلام ٹائمز: آج بھی نہتے مظاہرین پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور گذشتہ سال شعبان میں بھی پیش آیا تھا، کیا ایف سی دہشتگردوں کو ختم کرنیکی بجائے الٹا مظلوموں کیخلاف طاقت دکھا رہی ہے۔؟
علامہ سید عابد الحسینی:
یہاں جنگل کا قانون ہے، اگر یہی صورتحال رہی تو جوانوں کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا، ان ظالموں نے آج ایک بار پھر زخموں سے چور نہتے لوگوں پر گولیاں چلائی ہیں، جس کے نتیجے میں ہمارے 2 افراد شہید اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔ ہمیں مجبور نہ کیا جائے، میں حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم کوئی اور راستہ اختیار کریں۔

اسلام ٹائمز: پاراچنار کے بعض حلقے ایک بار پھر اس سانحہ کا ذمہ دار اداروں کو قرار دے رہے ہیں، آپ کیا کہیں گے۔؟
علامہ سید عابد الحسینی:
آج ہونے والے دھماکے کے ذمہ دار ریاستی ادارے ہیں، ہمارے ادارے پاراچنار کی سخت سکیورٹی کے دعوے دار ہیں، اگر سکیورٹی سخت ہے تو بارود سے بھری گاڑی شہر کے انتہائی اہم مقام اور اہم موقع پر کیسے پہنچ گئی، جب ریاست کی جانب انگلیاں اٹھیں تو عوام تحفظ کس سے مانگیں گے۔ جب ریاستیں عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو جاتی ہیں تو عوام اپنا دفاع کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

اسلام ٹائمز: ایف سی کمانڈنٹ کرنل عمر کا رویہ غیر مناسب رہا ہے، پاراچنار کے عوام ایف سی سربراہ کے حوالے سے کیا مطالبہ رکھتے ہیں۔؟
علامہ سید عابد الحسینی:
ہمارا مطالبہ ہے کہ اس ظالم انسان کو اس اہم عہدے سے فوری طور پر ہٹایا جائے، ان کی گولیاں دہشتگردوں کیلئے نہیں بلکہ نہتے اور مظلوم عوام کیلئے ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ بھی قصور وار ہے۔ یہ لوگ پاراچنار کے عوام کے دشمن ہیں، مگر انہیں معلوم نہیں کہ ہم بڑے بڑے دشمنوں کا مقابلہ کرتے آئے ہیں۔

اسلام ٹائمز: اب پاراچنار کے عوام کا حکومت سے کیا مطالبہ ہے۔؟
علامہ سید عابد الحسینی:
سب سے پہلے کرم ملیشیاء کو فوری طور پر بحال کیا جائے، اس کے بعد ظالم ایف سی کمانڈنٹ کرنل عمر، اے پی اے اور پی اے کو فوری طور پر معطل کیا جائے، اس کے علاوہ اس سانحہ، سبزی منڈی دھماکے سمیت تمام دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں، ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا اور سرعام پھانسی دی جائے اور ہر سکیورٹی چیک پوسٹ پر ہمارے اپنے قومی جوانوں کو بھی رکھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 623462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش