0
Sunday 11 Feb 2018 13:04
ہر مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں

تہران کا پیغام یہ ہے کہ پاک ایران گیس منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، مہدی ہنردوست

تہران کا پیغام  یہ ہے کہ پاک ایران گیس منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، مہدی ہنردوست
مہدی ہنر دوست پاکستان میں جمہوری اسلامی ایران کے سرگرم سفیر ہیں، پاک ایران تعلقات کی بہتری کیلئے بہت ہی عمدہ کام کر رہے ہیں، یہی وجہ بنی کہ ایک بڑے عرصے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایران کے سرکاری دورے پر گئے۔ چند روز قبل ایران کے وزیر پیٹرولیم نے دس سال گزرنے کے باوجود پاک ایران گیس منصوبے پر پیشرفت نہ ہونے پر پاکستان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا تھا، اس پر اسلام ٹائمز نے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے خصوصی طور پر کچھ وقت لیا، جس میں اس منصوبے میں تاخیر کیوجہ جاننے کی کوشش کی گئی۔ ایرانی سفیر کیساتھ ہونیوالی گفتگو پیش خدمت ہے۔ادارہ

اسلام ٹائمز: چند دن قبل ایران کے وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا ہے کہ ایران گیس منصوبے میں تاخیر پر پاکستان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے جا رہا ہے۔ اس بارے میں آپ کیا کہتے ہیں۔؟
مہدی ہنر دوست:
دیکھیں معاہدے کی اہمیت اور افادیت کے پیش نظر کافی سال پہلے ہم نے تقریباً دو بلین ڈالر اس منصوبے پر خرچ کئے ہیں اور ہم اپنی سرحدوں تک گیس کی پائپ لائن لاچکے ہیں لیکن پاکستان کی طرف سے تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ اس صورتحال کے پیش نظر ہماری اپنے بھائی پاکستان سے توقع ہے کہ وہ معاہدے کی رو سے اس منصوبے کو جلد مکمل کرے۔

اسلام ٹائمز: تاخیر کی کیا وجہ نظر آتی ہے۔؟
مہدی ہنر دوست:
دیکھیں ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بہت ہی اہم اور بنیادی منصوبہ ہے، جو پاکستان کی تقدیر بدل دے گا، حتٰی میں سمجھتا ہوں کہ یہ منصوبہ پاکستان کے اقتصادی چہرے کو ہی بدل کر رکھ دے گا، پاکستان ہمارے لئے ایک ملک نہیں بلکہ یہ ہمارے دلوں میں رہتا ہے، اس لئے ہم انتظار کر رہے ہیں کہ پاکستان اپنی کمٹمنٹ پر پورا اترے اور اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ آپ اس منصوبے کو مکمل کرکے دنیا کے سب بڑے گیس ذخائر میں سے ایک سے منسلک ہو جائیں گے۔

اسلام ٹائمز: ایران کیجانب سے کیا پیغام دیا گیا ہے۔؟
مہدی ہنر دوست:
ہم کسی بھی رکاوٹ، ہچکچاہٹ اور ڈر کے بغیر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف لڑنا ہو یا خطے کی صورتحال، ہم ہر محاذ پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارے تعلقات میں ایک بڑا منصوبہ گیس پائپ لائن کا ہے، جسے ہم مکمل کرنا چاہتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ برادر اسلامی ملک اپنے وعدے کو مکمل کرے۔

اسلام ٹائمز: کیا ایران تاخیر کیصورت میں قانونی چارہ جوئی کیلئے جاسکتا ہے۔؟
مہدی ہنر دوست:
نہیں نہیں ہم اس چیز کا انتظار کر رہے ہیں کہ پاکستان اپنی کمٹمنٹ کو مکمل کرے، معاہدے میں یہ چیزیں شامل ہیں کہ منصوبے کو پایہ تکیمل تک پہنچانے کیلئے کس طرح کام کرنا ہے، اس میں کچھ چیزیں شامل ہیں، جو دونوں طرفین میں کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں۔ لیکن یہ ایران کا پیغام ہے کہ پاکستان اس منصوبے کو معاہدے کے مطابق مکمل کرے۔ یہ عجیب صورتحال ہے کہ دس سال یعنی ایک دہائی بیت گئی ہے لیکن ابھی ایک بڑا منصوبہ مکمل طور پر فریز ہوکر رہ گیا ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ پاکستان اس منصوبے کو مکمل کرے گا اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ جلد اس پر پیشرفت کرے گا، تاکہ ایک بڑی مقدار میں ایرانی گیس پاکستانی بھائیوں کیلئے دستیاب ہو اور یہاں انرجی کے مسائل پر قابو پایا جاسکے۔

اسلام ٹائمز: حکومت پاکستان سے کیا مشکلات ہیں اور کیا مسیج دینا چاہیں گے۔؟
مہدی ہنر دوست:
ہم پاکستان کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں کہ وہ جلد اس منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے سرگرمی کا آغاز کرے، بس یہی ہمارا مسیج ہے۔
خبر کا کوڈ : 703925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش