QR CodeQR Code

ملک دشمن قوتیں مسلسل پاکستان کو کمزور کرنیکی سازشوں میں مصروف ہیں

پی ٹی آئی حکومت سمندر سے تیل نکالنے کی بجائے عوام کا تیل نکالنے پر تلی ہوئی ہے، آصف اللہ رکھا

7 Apr 2019 22:19

پاکستان عوامی تحریک سندھ کے جنرل سیکرٹری کا "اسلام ٹائمز" کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور سابقہ روایات کے تسلسل سے لگتا ہے کہ پرانے اور نئے پاکستان میں کوئی فرق نہیں، گذشتہ حکومتیں بھی حیلوں بہانوں سے عوام پر ہی بوجھ بنی رہیں، ابھی بھی یہی صورتحال ہے، جسکے عوام متحمل نہیں ہوسکتے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم و زیادتی ہے، موجودہ پی ٹی آئی حکومت مسلسل عوام کی امیدوں کو قتل کر رہی ہے۔


آصف اللہ رکھا پاکستان عوامی تحریک سندھ کے جنرل سیکرٹری ہیں، انہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کے افکار و نظریات سے متاثر ہوکر 1993ء میں تحریک منہاج القرآن میں شمولیت اختیار کی۔ 2004ء میں وہ پاکستان عوامی تحریک سے وابستہ ہوئے، وہ صوبائی نائب صدر اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری بھی رہ چکے ہے۔ ”اسلام ٹائمز“ نے آصف اللہ رکھا کیساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس، تحریک انصاف کی حکومت سمیت مختلف موضوعات کے حوالے سے انکی رہائشگاہ پر ایک مختصر نشست کی۔ اس موقع پر انکے ساتھ کیا گیا خصوصی انٹرویو قارئین کیلئے پیش ہے۔ادارہ

اسلام ٹائمز: سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف ملنے کے حوالے سے کیا کہیں گے۔؟
آصف اللہ رکھا:
سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والی بچی بسما کے ورثاء نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیا تھا، جس پر اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار صاحب نے انہیں اپنے چیمبر میں بلا کر پندرہ دن میں انصاف فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم وہ پندرہ دن تو گزر گئے اور ثاقب نثار صاحب بھی ریٹائر ہو کر ملک سے باہر چلے گئے، ہمیں ثاقب نثار صاحب سے بڑی امید تھی، لیکن ان سب کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے فی الحال عدالتی جنگ عدالت میں ہی لڑی جائے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عدالتوں سے انصاف کی امید ہے، ہم قانونی جنگ لڑیں گے اور انصاف لیکر رہیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قتل عام تاریخ کا بدترین واقعہ ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، سانحہ ماڈل ٹاون کے کیس کا فیصلہ نئے پاکستان کی بنیاد رکھے گا۔ ابھی گذشتہ ہفتے بھی ڈاکٹر طاہر القادری صاحب نے بھی کہا کہ ہمیں عدالت سے انصاف ملتا نظر آرہا ہے، بہرحال عدالت ہی آخری امید ہوتی ہے، اگر خدانخواستہ یہ بھی ناکام ہوگئیں تو نظام بالکل ہی نہیں چل سکتا۔ اللہ سے دعا ہے کہ عدالت سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف فراہم کر دے۔

اسلام ٹائمز: پاکستان عوامی تحریک کے وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف سے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے، پی ٹی آئی حکومت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے تعاون ملے گا۔؟
آصف اللہ رکھا:
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ یہ عدالتی معاملہ ہے اور عدالت ہی کا فیصلہ کریگی، تو بھائی پہلے بھی یہ معاملہ عدالت کا ہی تھا، وفاق اور پنجاب میں بھی آپ کی حکومت ہے، آپ کم از کم اس کیس سے متعلق ثبوت اور شواہد تو عدالت کو فراہم کرسکتے ہیں، آپ کم از کم تفتیش تو درست سمت میں کروا سکتے ہیں، اس سانحہ کو تو دنیا نے اپنی آنکھوں نے دیکھا، تمام میڈیا اس کا گواہ ہے، تمام ویڈیوز اور تصاویریں موجود ہیں کہ اس سانحہ میں کون کون بلواسطہ اور بلاواسطہ ذمہ دار ہیں، گولیاں چلانے والے، گولیاں چلانے کا حکم دینے والے، ٹیلیفونک گفتگو وغیرہ، سب کچھ ریکارڈ پر موجود ہے، یہ تمام پولیس اور عدالت کو فراہم کئے جائیں، پی ٹی آئی حکومت کم از کم ایسا تو کرے، عابد باکسر نے تو میڈیا میں کہا کہ اگر مجھے تحفظ فراہم کیا جائے تو میں سارے راز کھول سکتا ہوں۔

اسلام ٹائمز: تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی ابتک کی کارکردگی کے حوالے سے کیا کہنا چاہیں گے۔؟
آصف اللہ رکھا:
نئی حکومت ہمیشہ اپنا موازنہ گذشتہ حکومت سے کرتی ہے، گذشتہ حکومتیں جتنی کرپٹ اور بری تھیں، کم از کم ان سے تو موجودہ حکومت بہتر ہے، لیکن پی ٹی آئی نے حکومت میں آنے سے پہلے عوام سے جو وعدے کئے تھے، جو دعوے کئے تھے، اس پر پی ٹی آئی حکومت ابھی تک پوری نہیں اتری، سو روزہ پلان کے بعد حکومت نے پہلے ایک سال مانگا، اب ان کے ایک وزیر نے کہا کہ ہمیں کم از کم تین سال دیئے جائیں، اس کے بعد ہم سے سوالات کئے جائیں، لیکن پی ٹی آئی نے الیکشن سے پہلے اپنی پارٹی میں جن الیکٹبلز کو جگہ دی، وہ کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ پی ٹی آئی حکومت اس نظام میں رہتے ہوئے کوئی مثبت تبدیلی لا سکے۔

اسلام ٹائمز: ملک میں ریکارڈ توڑ مہنگائی کے حوالے سے کیا کہیں گے۔؟
آصف اللہ رکھا:
پی ٹی آئی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے، مہنگائی نے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے ہیں، رمضان سے پہلے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، حکومت سمندر سے تیل نکالنے کی بجائے عوام کا تیل نکالنے پر تلی ہوئی ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور سابقہ روایات کے تسلسل سے لگتا ہے کہ پرانے اور نئے پاکستان میں کوئی فرق نہیں، گذشتہ حکومتیں بھی حیلوں بہانوں سے عوام پر ہی بوجھ بنی رہیں، اب بھی یہی صورتحال ہے، جس کے عوام متحمل نہیں ہوسکتے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم و زیادتی ہے، موجود پی ٹی آئی حکومت مسلسل عوام کی امیدوں کو قتل کر رہی ہے۔

اسلام ٹائمز: پاکستان عوامی تحریک مہنگائی کیخلاف کیا پالیسی اپنانے جا رہی ہے۔؟
آصف اللہ رکھا:
پاکستان عوامی تحریک نے پیٹرول، گیس، بجلی سمیت اشیاء صرف کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے پر سڑکوں پر احتجاج کے بجائے شہر بھر میں احتجاجی بینز آویزاں کئے جائیں گے اور عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی، اس سلسلے میں کراچی کے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اسلام ٹائمز: ملک میں ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا نظر آتا ہے، اس حوالے سے آپکی نگاہ کیا کہتی ہے۔؟
آصف اللہ رکھا:
کراچی سمیت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ ملک و قوم کے خلاف گہری سازش ہے، پاکستان دشمن قوتیں مسلسل پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، قومی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں، قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی کے حوالے سے اپنے فرائض کی سر انجام دہی میں کوتاہی نہ برتیں اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے شکنجے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچائیں۔

اسلام ٹائمز: مہنگائی، دہشتگردی، کرپشن سمیت مختلف بحرانوں کا خاتمہ کیسے ممکن ہے۔؟
آصف اللہ رکھا:
ڈاکٹر طاہر القادری صاحب گذشتہ پینتیس سالوں سے ایک ہی بات کہہ رہے ہیں کہ چہروں کے بجائے نظام کو تبدیل کرنا چاہیئے، کیونکہ چہرے بدلتے رہتے ہیں، لیکن نظام نہیں بدلتا، موجودہ نظام میں اگر آپ سو الیکشن بھی کرا لیں، نہ تو کرپشن ختم ہوگی، نہ ہی کوئی اور برائی۔ سیاسی انتخابی نظام سمیت تمام ملکی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت ہے، احتساب کی ضرورت ہے، احتساب اور اصلاحات ہوں، ملکی اداروں سے سیاست کا خاتمہ ہو، ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے ایماندار، محب وطن، اہل افراد کو تمام اداروں میں لایا جائے، تب جا کر ہی ملک و قوم کی تقدیر بہتر ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 787419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/interview/787419/پی-ٹی-ا-ئی-حکومت-سمندر-سے-تیل-نکالنے-کی-بجائے-عوام-کا-پر-تلی-ہوئی-ہے-آصف-اللہ-رکھا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org