0
Tuesday 21 Jun 2022 23:21

پاراچنار میں دن دیہاڑے طالبعلم کو شہید کیا جانا سکیورٹی اداروں کی غفلت ہے، مولانا مزمل حسین

پاراچنار میں دن دیہاڑے طالبعلم کو شہید کیا جانا سکیورٹی اداروں کی غفلت ہے، مولانا مزمل حسین
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی رہنماء اور تحصیل چیئرمین مولانا مزمل حسین فصیح نے پاراچنار کے قریب شیعہ نوجوانوں کی گاڑی پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دن دیہاڑے ایم بی بی ایس کے طالب علم کو شہید کیا جانا سکیورٹی اداروں کی غفلت ہے، کرم انتظامیہ کو علاقہ کے امن کے حوالے سے ہم نے بارہا آگاہ کیا ہے مگر انتظامیہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے مجرمانہ غفلت برت رہی ہے۔ ضلع کرم کے شعیہ، سنی امن چاہتے ہیں، مگر چند ملک دشمن عناصر شرانگیزی میں مصروف ہیں، وہ شیعہ، سنی کو متحد نہیں دیکھ سکتے۔ پاراچنار میں گذشتہ مہینے سے طے شدہ منصوبے کے تحت دانستہ طور پر حالات خراب کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کبھی شیعہ نوجوان شاہ حسین کو قتل کیا جاتا ہے تو کھبی اہلسنت کے نوجوان کا قتل کیا جاتا ہے۔ کھبی اہلبیت اطہارؑ کی شان میں بدترین گستاخی کا ڈھٹائی کے ساتھ ارتکاب کیا جاتا ہے۔ اب ان سارے واقعات کے باوجود حکومتی اداروں کی طرف سے مسافروں کے لئے سکیورٹی نہ دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدہ بائی پاس پر فائرنگ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، اگر حکومت نے ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ کی تو حالات خراب ہونے کی تمام تر ذمہ داری پاراچنار انتظامیہ پر ہوگی، ہم ذیشان حیدر کی شہادت پر سراپا احتجاج ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1000408
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش