0
Saturday 25 Jun 2022 22:42

گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس، پولیس کیلئے الائونس کی منظوری

گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس، پولیس کیلئے الائونس کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 18 واں اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ جی بی میں تعمیر و ترقی کے عمل کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ گلگت  بلتستان ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے تحت صوبے کی ریونیو میں اضافہ کریں گے۔ خوشحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے کفایت شعاری اور خود انحصاری لازمی ہے۔ مخصوص شعبوں میں ماہر ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کیلئے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ریٹائرمنٹ کی حد 65 سال کی جا رہی ہے۔ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے اور صوبے میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ای چالان کا نظام متعارف کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے برقیات کے شعبے میں سسٹم ریوومپنگ کے تحت سکردو، گلگت اور چلاس میں سمارٹ میٹر اور اے بی سی کیبلز کی تنصیب کا عمل دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات اور محکمہ برقیات میں ٹیکنیکل سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے آئندہ کابینہ اجلاس میں متعلقہ محکموں کا سروس سٹرکچر اور آرگینوگرام پیش کرنے کی ہدایت کی۔ محکمہ تعمیرات کی جانب سے ٹھیکیداروں کے بقایاجات کے حوالے سے جامع سفارشات تیار کرنے کیلئے صوبائی وزیر تعمیرات اور سیکریٹری تعمیرات پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو ٹھیکیداروں کے بقایاجات کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی اور ٹھیکیداروں کے بقایاجات کے حوالے سے غلط تصدیق کرنے والے ملازمین کی بھی نشاندہی کرے گی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ جی بی میں پہلی مرتبہ محکمہ تعمیرات اور محکمہ برقیات میں رئیل ٹائم مانیٹرنگ اور آئی ٹی بیس اصلاحات متعارف کرائے جا رہے ہیں، جس سے منصوبوں کے معیار و رفتار اور شفافیت یقینی ہوگی۔صوبائی کابینہ اجلاس میں متاثرین سستا بازار گلگت کیلئے امدادی پیکیج کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں روندو زلزلہ متاثرین اور حسن آباد سیلاب متاثرین کی متبادل محفوظ مقامات میں آبادکاری کے حوالے سے بھی پیکیج کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں جی بی کے محکمہ جنگلات کا استعداد کار میں اضافے اور سٹاف کی تربیت کے حوالے سے محکمہ جنگلات، پارکس و جنگلی حیات گلگت  بلتستان اور فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مابین ایم او یو کی بھی منظوری دی گئی۔

صوبائی کابینہ اجلاس میں محکمہ تعمیرات میں ہیوی مشینری آپریٹرز کو صوبے کے دیگر ڈرائیوروں کے برابر لانے کیلئے اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ اجلاس میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کیلئے درکار تھانے کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈرافٹ گلگت بلتستان ریونیو اتھارٹی بل 2022 کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں جی بی کے تعلیمی اداروں میں غیر معیاری مضر صحت اشیاء کی فروخت کے روک تھام کیلئے گلگت بلتستان انسٹیٹیوٹ فوڈ سٹینڈرڈ ریگولریشن بل 2022 کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ کے اجلاس میں گلگت  بلتستان فوڈ ایکٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سنٹر پریس کلب گلگت کیلئے 2 کروڑ روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں گلگت بلتستان ورکس ریفارم کمیٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پولیس کیلئے الاؤنس کی منظوری دی گئی۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیر تعلیم راجہ اعظم خان کی ہمشیرہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 1001109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش