QR CodeQR Code

اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا پیپلز پارٹی کا منشور ہے، بلاول بھٹو زرداری

25 Jun 2022 23:02

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ حالیہ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی سندھ میں بلدیاتی اداروں کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل پیشہ خیمہ ثابت ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں سندھ کی باشعور عوام صوبے میں جاری بینظیر ترقی کے تسلسل کو ووٹ دیں گے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے موقع پر اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے لئے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور محنت کش عوام کے لئے سوشل سکیورٹی کے حوالے سے صوبہ سندھ کی عوامی حکومت کی کارکردگی دیگر صوبوں کے مقابلے میں بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی قیادت نے عوام جو جو وعدے کئے، وہ پورے بھی کرکے دکھائے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے امیدوار وہی ہیں، جن کا نشان تیر ہے، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، شکارپور، جیکب آباد، گھوٹکی، قمبر شہداد کوٹ، کشمور کندھ کوٹ، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر کے عوام کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تیر پر مہر لگا کر میرے ہاتھ مضبوط کریں اور سازشی و شیطانی ٹولوں کی ضمانتیں ضبط کرا دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ حالیہ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی سندھ میں بلدیاتی اداروں کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل پیشہ خیمہ ثابت ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 1001115

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001115/اختیارات-کو-نچلی-سطح-تک-منتقل-کرنا-پیپلز-پارٹی-کا-منشور-ہے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org