0
Saturday 25 Jun 2022 23:26

گلگت بلتستان اسمبلی اراکین، وزیر اعلیٰ، کابینہ کی تنخواہوں میں 50 فیصد سے زائد کا اضافہ

گلگت بلتستان اسمبلی اراکین، وزیر اعلیٰ، کابینہ کی تنخواہوں میں 50 فیصد سے زائد کا اضافہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، صوبائی وزرا، پارلیمانی سیکرٹریز اور ممبران اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں پچاس فیصد سے زائد اضافے کا بل دوسری مرتبہ متفقہ طور پر منظور کر لیا جس کے بعد وزیر اعلیٰ کی تنخواہ 5 لاکھ 70 ہزار روپے سے بڑھ کر 7 لاکھ 80 ہزار روپے، سپیکر کی تنخواہ 4 لاکھ سے بڑھ کر 6 لاکھ 80 ہزار روپے، ڈپٹی سپیکر کی تنخواہ 3 لاکھ 76 ہزار سے بڑھ کر 6 لاکھ 50 ہزار، صوبائی وزیر کی تنخواہ تین لاکھ باون ہزار سے بڑھ کر 6 لاکھ روپے رکن اسمبلی کی تنخواہ 2 لاکھ 10 ہزار سے بڑھ کر 4 لاکھ 65 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ ہفتہ کے روز ڈپٹی سپیکر نذیر احمد جو اجلاس کی صدارت کر رہے تھے نے ایوان کو بتایا کہ اس ایوان نے وزیر اعلیٰ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور ممبران اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل متفقہ طور پر منظور کیا تھا مگر سابق گورنر نے اعتراضات لگا کر بل کو واپس کر دیا۔

ڈپٹی سپیکر نے ایوان کو بتایا کہ اس بل میں اعتراض والی کوئی بات ہی نہیں ہے، اس لیے اس بل کو دوبارہ منظور کرتے ہیں، جس پر ایوان میں موجود اپوزیشن و حکومتی اراکین نے یک زبان ہو کر متفقہ طور پر بل کی حمایت کی اور ڈپٹی سپیکر نے بل کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بل کی کاپی کسی بھی رکن اسمبلی حتیٰ کہ صوبائی وزراء کے فولڈر میں بھی موجود نہیں تھی، بل کی منظوری کے بعد چیئرمین قائمہ کمیٹی کی تنخواہ 2 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ کر 5 لاکھ 65 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ جی بی اسمبلی نے گزشتہ سال وزیر اعلیٰ، وزرا، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر و ممبران اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل متفقہ طور پر منظور کیا تھا مگر اس وقت وزیر اعلیٰ خالد خورشید خان نے عوامی ردعمل پر اس بل کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا، ساتھ ہی سابق گورنر نے بل پر اعتراض لگا کر اسمبلی کو واپس بھیجا تھا، مگر اسمبلی کا اجلاس چھ ماہ کے وقفے کے بعد ہوا اور ہفتہ کے روز ہونے والے اجلاس میں اس بل کو دوبارہ منظور کیا گیا جس کے بعد پندرہ روز کے بعد یہ بل خود بخود قانون بن جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1001126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش