QR CodeQR Code

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان جھوٹ اور الزامات کا مقابلہ جاری ہے، سراج الحق

26 Jun 2022 00:15

ملتان ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو میں جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی، پی پی اور پی ڈی ایم نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ معیشت تباہ، ادارے برباد اور مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے لیے زندگی گزارنا دشوار ہو گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر استعمار اور آئی ایم ایف کے وفاداروں کے جابرانہ اور ظالمانہ اقتدار کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے۔ عوام اپنے حق کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں کے دن گنے جاچکے، ظلم کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔ 75 برسوں سے عوام کی گردنوں پر سوار ظالم حکمرانوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ برسوں سے حکمران ٹولہ قوم کو یہ کہہ کر اب بھی بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے کہ مسائل کا حل انہی کے پاس ہے۔ پی ٹی آئی، پی پی اور پی ڈی ایم نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ معیشت تباہ، ادارے برباد اور مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے لیے زندگی گزارنا دشوار ہو گیا ہے۔ کرپشن ناسور بن چکی اور احتساب کا کوئی نظام باقی نہیں رہا۔ حکمران جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہوگئیں، اب ملک میں اسلامی نظام آئے گا۔ وہ ملتان ریلوے سٹیشن پر ٹرین مارچ کے پہلے روز کے اختتام پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔

ٹرین مارچ کے پہلے روز کا اختتام ملتان میں ہوا جہاں امیر جماعت نے بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔ رحیم یار خان سے ملتان تک سفر میں امیر جماعت نے لیاقت پور، خانپور، ڈیرہ نواب، بہاولپور سمہ سٹہ اور شجاع آباد کے ریلوے سٹیشنز پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان سے بھی خطاب کیا۔ ٹرین مارچ کے شرکا اتوار کو ملتان سے لاہور پہنچیں گے۔ امیر جماعت لاہور ریلوے سٹیشن پر عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان جھوٹ اور الزامات کا مقابلہ جاری ہے۔ حکمرانوں کی مفادات کے لیے جنگ میں عوام جل رہے ہیں اور ملک تباہ ہو رہا ہے۔ مہنگائی، کرپشن اور سودی نظام معیشت کے خلاف جدوجہد کا آغاز کر دیا، ملک کی آزادی اور خودمختاری کا سودا کرنے والوں کے خلاف جہاد میں عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ملک پر مسلط حکمرانوں نے ریلوے، سٹیل مل، پی آئی اے سمیت ہر قومی ادارے کو تباہ کر دیا۔ آئی ایم ایف کی تابعداری میں غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنانے والوں کا یوم حساب قریب آگیا۔ کڑا احتساب ہوا تو ان حکمرانوں کی اکثریت جیلوں میں ہو گی۔ کشمیر کا سودا اور استعمار کی غلامی میں عوام پر عرصہ حیات تنگ کرنے والوں نے اسلام اور نظریہء پاکستان سے غداری کی۔
 


خبر کا کوڈ: 1001136

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001136/پی-ڈی-ایم-اور-ٹی-آئی-کے-درمیان-جھوٹ-الزامات-کا-مقابلہ-جاری-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org