QR CodeQR Code

اوقاف کے زیرنگرانی درباروں کی سکیورٹی نہ ہونے کے برابر

26 Jun 2022 09:27

اوقاف انتظامیہ کی جانب سے شہر میں بڑے مزارات داتا دربار پیر مکی اور بی بی پاکدامن دربار پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات نہیں کئے جا سکے، جس سے دہشتگردی کا ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اوقاف پنجاب انتظامیہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے مزارات پر سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث دہشتگردی کا خدشہ بڑھ گیا۔ بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا امکان ہے۔ داتا دربار، بی بی پاکدامن، پیر مکی مزارات پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اوقاف انتظامیہ کی جانب سے شہر میں بڑے مزارات داتا دربار پیر مکی اور بی بی پاکدامن دربار پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات نہیں کئے جا سکے، جس سے دہشتگردی کا ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔

پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کو فول پروف بنانے کی خاطر صوبہ بھر میں 547 کے قریب مزارات، 437 مساجد اور 72 کے قریب مدارس پر محکمہ اوقاف پنجاب انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف اہم شہروں میں 100 کے قرین ایسے مزارات ہیں جن پر یومیہ کی بنیاد پر کثیر تعداد میں زائرین حاضری کیلئے آتے ہیں، ان پر اوقاف انتظامیہ کی جانب سے عرس کے ایام میں ہی سکیورٹی و دیگر انتظامات کو فول پروف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، جبکہ عام ایام میں ان مزارات سمیت دیگر مساجد اور مدارس پر سکیورٹی برائے نام تعینات ہوتی ہے۔

اس صورتحال کی وجہ سے دہشتگرد با آسانی ان مقامات پر حملہ کرکے انسانی جانوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ان اہم مقامات کے خارجی اور داخلی راستوں پر کسی قسم کے سکیورٹی انتظامات نہیں کئے جا سکے، جو کہ محکمہ اوقاف انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ زائرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی زائر کو مزار میں داخل ہوتے وقت چیک نہیں کیا جاتا، جس سے کسی وقت بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1001181

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001181/اوقاف-کے-زیرنگرانی-درباروں-کی-سکیورٹی-نہ-ہونے-برابر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org