QR CodeQR Code

مصطفی الکاظمی کا دورہ ایران

ایران کیجانب سے یمنی جنگ و محاصرے کے مکمل خاتمے اور تہران و ریاض کے سفارتخانے کھولنے پر تاکید

27 Jun 2022 01:15

ایرانی دورے پر تہران میں موجود عراقی وزیراعظم و وزیرخارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کیساتھ ملاقات کی ہے جسمیں انہوں نے تہران و ریاض میں سفارتخانوں کے کھولے جانیکا اعلان کیا اور ایران و مصر کے تعلقات میں توسیع کو خطے کیساتھ ساتھ پورے عالم اسلام کیلئے فائدہ مند قرار دیا


اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایرانی دورے پر تہران آئے عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی اور اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ ملاقات کی جس میں خطے کے اور دوطرفہ معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے یمن میں برقرار ہونے والی جنگ بندی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ ایران، یمن میں برقرار ہونے والی ہر قسم کی جنگ بندی اور محاصرے کے مکمل خاتمے کی حمایت کرتا ہے۔ حسین امیر عبداللہیان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے کی مشکلات کے حل کو خطے کے اندر ہی موجود گردانتا ہے، گفتگو کی مضبوطی اور خطے کے توازن میں عراق کے اہم کردار کو سراہا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے کے لئے خیر و برکت کے علاوہ کچھ نہیں چاہتا اور یہی وجہ ہے کہ وہ دونوں دارالحکومتوں (ریاض و تہران) میں سفارتخانوں کے دوبارہ کھولے جانے کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مصر کے ساتھ ایران کے باہمی تعلقات کی جانب بھی اشارہ کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ قاہرہ و تہران کے درمیان استوار تعلقات میں توسیع نہ صرف خطے بلکہ پورے عالم اسلام کے مفاد میں ہے۔

دوسری جانب عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے اپنی گفتگو کے دوران خطے میں ایران کے اہم کردار اور اس کے ساتھ عراق کی قرابت کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ عراق، ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں انتہائی توسیع لانے میں سنجیدہ ہے اور خطے میں اپنا اطمینان بخش کردار ادا کرتا رہے گا۔ مصطفی الکاظمی نے دونوں ممالک کے درمیان استوار ہمہ جہت تعلقات میں توسیع اور اس رستے میں موجود رکاوٹوں کے دور کئے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم خطے کی سطح پر گفتگو اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1001296

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001296/ایران-کیجانب-سے-یمنی-جنگ-محاصرے-کے-مکمل-خاتمے-اور-تہران-ریاض-سفارتخانے-کھولنے-پر-تاکید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org