0
Monday 27 Jun 2022 01:49

وزیراعظم کا نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار بحال کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کا نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار بحال کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو ایک بار پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر حال میں عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی سے ہی بدل سکتی ہے۔ میاں شہباز شریف کو دہشت گردی کے خاتمے اور اس ضمن میں لاحق خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ  دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے تک ہم مل کر جدوجہد کرتے رہیں گے۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ گذشتہ چار سال میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔ شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع ہر حال میں یقینی بنائیں گے، پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے امن و امان کا یقینی ہونا ایک بنیادی تقاضا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1001304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش