QR CodeQR Code

بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینی ہے، عمران خان کی نوجوانوں کو ساتھ دینے کی اپیل

27 Jun 2022 16:30

اپنے ایک پیغام میں پی ٹی آئی چیئرمین نے نوجوان، مرد اور خواتین سمیت کارکنان کو ٹائیگر فورس میں فوری رجسٹریشن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آج ٹائیگر فورس، خواتین اور نوجوانوں سے مخاطب ہوں، ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے، وہاں آپکی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نوجوان سے ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹائیگر فورس کی ویب سائٹ لانچ کر دی اور نوجوانوں کو ٹائیگر فورس میں شمولیت کی دعوت دے دی۔ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے نوجوان، مرد اور خواتین سمیت کارکنان کو ٹائیگر فورس میں فوری رجسٹریشن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آج ٹائیگر فورس، خواتین اور نوجوانوں سے مخاطب ہوں، ہمارا ملک جس موڑ پر کھڑا ہے، وہاں آپ کی ضرورت ہے۔ تمام نوجوان رجسٹر ہو کر ٹائیگر فورس کا حصہ بنیں۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں بیرونی مداخلت کے ذریعے ایک حکومت مسلط کی گئی، 30 سال سے ملک کا خون چوسنے والے مجرموں کو اقتدار دیا گیا، دو خاندانوں نے جھک جھک کر بیرونی طاقتوں کی غلامی کی، یہ پھر اس لئے اقتدار میں لائے گئے،تاکہ باہر کے ایجنڈے پر چلیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ ہمارا انصاف کا نظام تباہ کر دیں گے، آج انہوں نے نیب اور ایف آئی اے کو تباہ کر دیا، 1100 ارب روپے کی چوری پر خود کو این آر او دیا گیا، ایف آئی اے میں 16 ارب روپے کے کیسز دفن کر دیئے۔ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اب یہ ایسا ماحول بنا رہے ہیں کہ عدالتوں سے بھی بچ جائیں، یہ کبھی بھی صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے، پنجاب کے 20 حلقوں کے الیکشن میں ابھی سے دھاندلی ہو رہی ہے، پارٹی کی لیڈرشپ پر ایف آئی آر کاٹی ہوئی ہے، میرے اوپر 9 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارلیمنٹ ختم ہوگئی، پنجاب میں بھی تماشا لگا رکھا ہے، قومی اسمبلی میں ایسے شخص کو اپوزیشن لیڈر بنایا، جو نون لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے گا۔

میڈیا پر فاشسٹ ہتھکنڈوں کے ذریعے بدترین سختیاں مسلط کی گئی ہیں، نامور اینکرز پر ایف آئی آر، میڈیا مالکان کو کالز کے ذریعے دھمکایا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پر لوگوں کو دھمکایا جا رہا ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ صرف پاکستان کے ادارے تباہ کرکے خود کو مسلط کرنا چاہتے ہیں، 60 فیصد کابینہ کرپشن کیسز میں ضمانتیں لے کر بیٹھی ہیں۔ نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ خود کو رجسٹر کریں اور ٹائیگر فورس کا حصہ بنیں، انتخابی مرحلے میں نوجوان ہماری مدد کریں، ٹائیگر فورس عوام کو گھر گھر جا کر نکالے، پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سب نے حصہ لینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں بیرونی طاقت سے مسلط مافیا کو شکست دینی ہے، آپ رجسٹریشن مکمل کریں، میں جلد آپ سے بات کروں گا۔


خبر کا کوڈ: 1001422

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001422/بیرونی-طاقت-سے-مسلط-مافیا-کو-شکست-دینی-ہے-عمران-خان-کی-نوجوانوں-ساتھ-دینے-اپیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org