QR CodeQR Code

ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات تک محدود ہیں، علامہ ناظر عباس تقوی

27 Jun 2022 19:08

ایک بیان میں ایس یو سی رہنما کا کہنا تھا کہ جہاں عوام بھوک اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے لگے اور مائیں بچوں کو زہر دے کر خود بھی ابدی نیند سو جائیں، وہاں ترقی کے بلند و بانگ دعوے عوام کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات اور جلسوں تک ہی محدود دکھائی دے رہے ہیں، سرکاری اداروں کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے، صحت توانائی اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کے تمام شعبے عوام کو سہولیات کی بجائے مشکلات سے دوچار کرنے میں مگن ہیں، ملک کے بیشتر حصوں میں سوئی گیس کی عدم فراہمی، طبی سہولتوں کے فقدان اور تعلیمی اداروں کی حالت زار نے عام عادمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، حکومت کا اولین فرض ہے کہ عام آدمی کے معمولات زندگی کو بہتر بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں عوام بھوک اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے لگے اور مائیں بچوں کو زہر دے کر خود بھی ابدی نیند سو جائیں، وہاں ترقی کے بلند و بانگ دعوے عوام کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں، کرپٹ حکمران کا واحد ہدف اقتدار کو بچانا ہے، انہیں ملک کی عوام سے کوئی غرض نہیں، ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات تک محدود ہیں، حکومت کو اگر ذاتی کاموں سے فرصت ملے تو قومی امور پر بھی توجہ دے، اسکولوں اور ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے، پڑھے لکھے بے روزگار افراد کو باوقار روزگار فراہم کرنا بھی ریاست کی ہی ذمہ داری ہے۔


خبر کا کوڈ: 1001443

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001443/ملکی-ترقی-کے-حکومتی-دعوے-محض-اخباری-بیانات-تک-محدود-ہیں-علامہ-ناظر-عباس-تقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org