QR CodeQR Code

لبنانی حکام سے اسمعٰیل ھنیہ کی ملاقاتیں

27 Jun 2022 18:50

اپنے بیان میں حماس کے رہنماء اسماعیل ھنیہ نے لبنان کی سرحد (Boundary line) کھینچنے کے معاملے پر کہا کہ نبیہ بری نے لبنان کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہ دینے، اس معاملے میں لبنانی حکام اور مقاومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے پر زور دیا۔


اسلام ٹائمز۔ حماس کے رہنماء نے آج لبنان کے وزیراعظم اور اسپیکر سے ملاقات کی اور خطے میں وقوع پذیر ہونے والی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ حماس کی سیاسی شاخ کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے آج (پیر) لبنان کے دورے کے ایک حصے میں دیگر لبنانی عہدیداروں سے ملاقات کی۔ لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ملاقات کے بعد ھنیہ نے کہا کہ اس ملاقات کے دوران مسئلہ فلسطین، مخصوصاََ القدس، مسجد اقصیٰ، مغربی کنارے، غزہ اور 1948ء کے مقبوضہ علاقوں سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حماس کے رہنماء نے مزید کہا کہ ملاقات کا زیادہ تر حصہ لبنان میں فلسطینی کیمپوں کے بارے میں گفتگو سے متعلق تھا، جس میں ہم نے فلسطینی مہاجرین کی مستقل رہائش کو مسترد اور پناہ گزینوں کی واپسی کے حق پر اپنے مضبوط سیاسی موقف کی تصدیق کی۔

اسماعیل ھنیہ نے مزید کہا کہ ہم نے اسرائیلی حملوں، لبنانی وسائل اور سرحدوں پر صیہونی حکومت کی جارحیت پر لبنانی بھائیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے آخر میں حماس کے رہنماء نے مقبوضہ فلسطین اور لبنان کے قدرتی وسائل کے ساتھ سرحد کھینچنے کے معاملے پر لبنان کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں خطے کی موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ھنیہ نے ''عین التینہ'' محل میں لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ''نبیہ بری'' سے بھی ملاقات کی، جس میں لبنان اور خطے کی صورتحال کے ساتھ ساتھ لبنان-فلسطین تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حماس رہنماء نے لبنانی پارلیمنٹ کے سربراہ ''بری'' کی موجودگی کو لبنان اور فلسطین کی ضمانت قرار دیا اور اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں لبنان کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی پر مزید زور دیا۔

ملاقات کے حوالے سے ہنیہ نے بتایا کہ ہم نے فلسطین میں بالخصوص قدس، مسجد اقصیٰ، عیسائی و اسلامی عبادت گاہوں میں ہونے والے واقعات، مغربی کنارے، غزہ اور 1948ء سے مقبوضہ علاقوں و لبنانی کیمپوں میں فلسطینیوں کی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حق، مستقل رہائش سے انکار اور متبادل وطن کے ساتھ ساتھ لبنانی کیمپوں میں فلسطینیوں کے انسانی اور اقتصادی حقوق پر، جب تک کہ وہ فلسطین کی سرزمین پر واپس نہ آجائیں، زور دیا۔ ھنیہ نے لبنان میں فلسطینی کیمپوں میں امریکہ اور عطیہ دینے والے ممالک کے موقف کی وجہ سے (UNRWA) کی خدمات میں کمی کی صورتحال کا حوالہ دیا اور لبنانی پارلیمنٹ اور حکومت سے ان کیمپوں کی صورتحال پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

حماس کے رہنماء نے مزید کہا کہ حالیہ ملاقات میں قدرتی طور پر خطے میں ہونے والی پیشرفت اور مغرب کی جانب سے صیہونی حکومت کے لئے اتحاد بنانے کے ارادے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ نبیہ بری نے قدس، فلسطین، مزاحمت اور فلسطینی عوام کے اتحاد کی حمایت میں اپنے مضبوط موقف پر زور دیا۔ ھنیہ نے لبنان کی سرحد (Boundary line) کھینچنے کے معاملے پر کہا کہ نبیہ بری نے لبنان کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہ دینے، اس معاملے میں لبنانی حکام اور مقاومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے پر زور دیا۔ اس سے قبل اسمعٰیل ھنیہ نے لبنان کی مقاومتی تحریک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔


خبر کا کوڈ: 1001450

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001450/لبنانی-حکام-سے-اسمع-یل-ھنیہ-کی-ملاقاتیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org