QR CodeQR Code

پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، جولائی میں لوڈشیڈنگ بڑھے گی، شہباز شریف

27 Jun 2022 23:31

مسلم لیگ نون اور اتحادی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ پاکستان کو رفاعی ریاست دیکھنا چاہتے تھے، تبدیلی اور نئے پاکستان والوں نے ایسے کوئی اقدامات نہیں کیے، مختلف شعبوں کے مالکان کی آمدن پر ڈائریکٹ ٹیکس لگایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جولائی میں لوڈشیڈنگ مزید بڑھے گی۔ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔ مسلم لیگ نون اور اتحادی جماعتوں کے اراکین قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے، شمسی توانائی کے حوالے سے پروگرام جلد لیکر آئیں گے، تاریخ میں پہلی بار صاحب ثروت افراد پر ٹیکس لگایا ہے، صاحب ثروت افراد سے 200 ارب روپے سے زائد جمع ہونے کی توقع ہے، صاحب ثروت افراد قربانی کے جذبے کے ساتھ آگے آئیں۔ عوام کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ پاکستان کو رفاعی ریاست دیکھنا چاہتے تھے، تبدیلی اور نئے پاکستان والوں نے ایسے کوئی اقدامات نہیں کیے، مختلف شعبوں کے مالکان کی آمدن پر ڈائریکٹ ٹیکس لگایا ہے۔ گذشتہ حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ پن کے دہانے پر پہنچا دیا تھا، آج پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ چکا ہے، اتحادی قیادت کی مشاورت سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آئی ایم ایف سے معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ انڈونیشیاء کے صدر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، خوردنی تیل کا بحران آنے والا تھا، اس سے بھی پاکستان بچ گیا، پچھلی حکومت کو 3 ڈالر میں گیس مل رہی تھی لیکن خریدی نہیں، دنیا میں کوئلہ بہت مہنگا ہوچکا ہے، کوئلے کی امپورٹ پر اربوں ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، پچھلے تین ہفتوں میں بھرپور پلاننگ کر رہے تھے، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں افغانستان سے کوئلہ لانے کے لیے کمیٹی بنائی تھی، خواجہ آصف نے اس حوالے سے بھرپور محنت کی، افغانستان سے جنوبی افریقا والی کوالٹی کا کوئلہ ملے گا، جب آئی ایم ایف سے کشتی کر رہے تھے، اسی وقت کوئلے کے حوالے سے بھی کشتی کر رہے تھے، آہستہ آہستہ افغانستان سے کوئلہ آئے اور سالانہ 2 ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔ افغانستان کے کوئلے سے سستی بجلی پیدا ہوگی۔ تین ہفتے سے کوشش کر رہے تھے، اللہ نے افغانستان سے کوئلہ لانے کا راستہ دکھا دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں تیل و گیس کی قیمتیں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، روس، یوکرین جنگ کی وجہ سے گیس اس وقت نایاب ہے، مشکلات بہت زیادہ ہے، ہم ان مشکلات سے ضرور نکل جائیں گے، گذشتہ حکومت کو تین ڈالر کی گیس مل رہی تھی نہیں خریدی۔ گذشتہ حکومت کی کم عقلی تھی، سستی گیس کا فائدہ نہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کپاس، گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے بھرپور توجہ دے رہے ہیں، وقت لگے گا، مسائل کو حل کرکے خوشحالی کی طرف قدم بڑھائیں گے، کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی، کوئی شک نہیں ان مشکلات کو حل کریں گے۔ چیلنجز آئیں گے، لیکن قوت ارادی کے ساتھ آگے بڑھتے جائیں گے، دوست ممالک سے ٹریڈ بڑھائیں گے اور کشکول کا زمانہ ختم ہو جائے گا، پاکستان کو اللہ نے کشکول اٹھانے کے لیے نہیں بنایا، نئی رت آئے گی، لکھ لیں، پاکستان کی تقدیر بدلے گی، ہماری اتحادی حکومت ضرور تبدیلی لیکر آئے گی۔


خبر کا کوڈ: 1001486

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001486/پاکستان-کو-دیوالیہ-ہونے-سے-بچا-لیا-جولائی-میں-لوڈشیڈنگ-بڑھے-گی-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org