0
Tuesday 28 Jun 2022 16:22

اسرائیل کا لبنان میں بڑے پیمانے پر نئے جاسوس بھرتی کرنے کا انکشاف

اسرائیل کا لبنان میں بڑے پیمانے پر نئے جاسوس بھرتی کرنے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ لبنان کے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آجکل صیہونی حکومت لبنان میں جاسوسوں کو بھرتی کرنے کے لئے دسیوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پرُکشش مراعات کا لالچ دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، لبنان کے سکیورٹی ذرائع نے اس حوالے سے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے سوشل میڈیا پر درجنوں ایسے پلیٹ فارمز اور چینلز کھول رکھے ہیں، جن کے ذریعے لبنان میں نئے افراد کو لالچ دے کر بھرتی اور ان سے جاسوسی کی خدمات حاصل کرتا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ روابط معمولی انداز میں انجام پاتے ہیں اور اسرائیلی بعض اوقات رابطوں کے دوران اپنا چہرہ بھی دکھاتے ہیں۔ اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی نے اس منصوبے کے لیے بجٹ مختص کیا ہے، جو کہ بڑے حفاظتی اقدامات کے مقابلے میں زیادہ نہیں ہے۔ تعاون کرنے والوں کو ادا کی جانے والی رقم $100 اور $200 کے درمیان ہے اور جو لوگ بڑے کام کرتے ہیں، انہیں اس سے کچھ زیادہ رقم وصول ہو جاتی ہے۔ یہ رقوم عموماََ لاطینی امریکہ، مشرقی یورپ اور دنیا کے دیگر حصوں میں ادائیگی کرنے والی کمپنیوں کے ذریعے ادا کی جاتی ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کیس میں زیر حراست افراد کی بڑی تعداد کو اس فرد کی شناخت ہی نہیں ہے، جس کے لئے وہ کام کر رہے ہوتے ہیں۔

اسی سلسلے میں لبنان کی انٹیلیجنس سروسز، اسرائیل کے جاسوسی مشنز سے نبرد آزما ہونے والی لبنانی سکیورٹی ایجنسیز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ لبنان کے پبلک سکیورٹی انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ نے صہیونیوں  کے ساتھ تعاون کے شُبہ میں متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ لبنانی داخلی انٹیلی جنس سروس نے بھی اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور مزید اُن لوگوں کو گرفتار کیا ہے، جو انفرادی طور پر نامعلوم ہاتھوں میں کھیل رہے تھے۔ عرب ذرائع کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں ''العرقوب'' کے علاقے میں ابھی تک جاسوسی کے نیٹ ورک کی تلاش جاری ہے، جو چند ہفتے قبل لبنانی انٹیلی جنس نیٹ ورک کے جال میں پھنس گئے تھے۔ گذشتہ سال لبنانی سکیورٹی فورسز نے ایک جاسوس کو گرفتار کیا تھا، جو تقریباً 25 سال سے صیہونی حکومت سے منسلک ہے اور اس پر جہاد اسلامی فلسطین کے دو رہنماؤں کے قتل کا الزام بھی ہے۔ اسی دوران ایک لبنانی وزیر نے حالیہ عرصے میں اسرائیل کے 17 جاسوسی نیٹ ورکس کو تباہ کرنے کی خبر دی ہے جبکہ دوسری جانب لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے سکیورٹی کی اس کامیابی کو منفرد قرار دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1001616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش