0
Wednesday 29 Jun 2022 12:07

نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچ گئے

نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے پیغمبر اسلامﷺ کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرنے کے چند ہفتے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات پہنچے، پیغمبر اسلام(ص) کی توہین نے خلیجی ممالک سمیت مسلم دنیا میں غم و غصے کو جنم دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی ٹوئٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے ابوظہبی ائیر پورٹ پر نریندر مودی کا استقبال کیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی ایئر پورٹ پر میرے استقبال کے لیے آنے والے میرے بھائی عزت مآب شیخ محمد بن زید النہیان سے متاثر ہوا ہوں، میں ان کا شکر گزار ہوں۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم جرمنی میں جی 7 سمٹ میں شرکت کرکے واپس بھارت جاتے ہوئے یو اے ای کا ایک روزہ دورہ کررہے ہیں، ان کی جماعت کی ترجمان کی طرف سے پیغمبر اسلام ﷺ کے بارے میں توہین آمیز تبصرے پر اس مہینے کے اوائل میں خلیجی ممالک میں احتجاج کیا گیا تھا۔ متحدہ عرب امارت اور سعودی عرب نے اس کی مذمت کی تھی جبکہ قطر اور کویت نے بھارت کے سفارت کاروں کو طلب کیا تھا، کویت میں ایک سپر مارکیٹ نے بھارتی مصنوعات ہٹا دی تھیں۔ مسلم ممالک کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کے بعد حکمراں جماعت بی جے پی نے نوپور شرما کو ان کے ریمارکس پر معطل کردیا تھا۔ ان ریمارکس کے بعد بھارت میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں جبکہ اس ترجمان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

پاکستان نے بھی بی جے پی کے رہنما کی پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف ریمارکس کی شدید مذمت کی تھی اور صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی حکمران جماعت سے مطالبہ کیا تھا کہ انتہا پسند اور فاشسٹ ہندوتوا نظریے سے پرہیز کریں اور اس کی مذمت کریں۔ بھارت کے وزیر خارجہ نے کہا کہ نریندر مودی کے دورے کا مقصد شیخ محمد بن زید النہیان سے ان کے بھائی سابق صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار ہمدردی کرنا اور انہیں صدر بننے پر مبارکباد دینا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی و ثقافتی تعلقات ہیں، یو اے ای میں بھارتی شہری 1 کروڑ آبادی کا 35 فیصد ہیں جو کہ سب سے بڑی تارکینِ وطن کمیونٹی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان 59 ارب ڈالر کی تجارت ہے، 20-2019 میں چین اور امریکا کے بعد خلیجی ملک بھارت کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
خبر کا کوڈ : 1001759
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش