QR CodeQR Code

عمران خان مہم چلا رہے ہیں، ریاستی ادارے نیوٹرل نہ رہیں، بلاول بھٹو زرداری

29 Jun 2022 16:45

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو دھاندلی کے باوجود حکومت کا موقع ملا، اس ملک میں پیپلز پارٹی کیخلاف دھاندلی ہوتی تھی، شہید بے نظیر اور بھٹو کی جماعت کو روکنے کیلئے دھاندلی ہوتی تھی، لیکن یہ جیت نہیں سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان مہم چلا رہے ہیں، ریاستی ادارے نیوٹرل نہ رہیں، پی ٹی آئی چیئرمین جانتے ہیں کہ ادارے نیوٹرل رہے تو ان کی ضمانت ضبط ہو جائے گی۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جناب اسپیکر آپ کم تعداد کے باوجود اپوزیشن کو زیادہ اور بھرپور موقع دے رہے ہیں، اندازہ نہیں کہ ایسے بھی اسمبلی چل سکتی ہے۔ عوام جن مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں اس کا اندازہ ہے۔ ملک میں جمہوریت، صاف شفاف الیکشن اور عوام کے معاشی حقوق کے لیے تین نسلوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم ہر آمر اور ظالم کا سامنا کرکے آئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کو دھاندلی کے باوجود حکومت کا موقع ملا، اس ملک میں پیپلز پارٹی کے خلاف دھاندلی ہوتی تھی، شہید بے نظیر اور بھٹو کی جماعت کو روکنے کے لیے دھاندلی ہوتی تھی، لیکن یہ جیت نہیں سکتے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے پی پی چیئرمین نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کو شکایت ہے کہ ادارے نیوٹرل کیسے ہوگئے۔ اگر ادارے نیوٹرل رہیں گے تو غیر جمہوری جماعتیں جیسے عمران خان کی جماعت جیت نہیں سکتی۔ خان صاحب کی طرح سندھ میں بھی کچھ کٹھ پتلی سیاستدان ہیں، جن کو سامنے لایا جاتا ہے۔ انہیں معلوم ہے 2018ء میں دھاندلی سے یہاں آئے، جب صاف شفاف الیکشن ہوں گے تو انہیں بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔ الیکشن سے ایک دن پہلے یہ سارے سندھ ہائی کورٹ جمع ہوئے تھے، الیکشن سے بھاگیں، ابھی سے ان کا رونا شروع ہوگیا، ابھی انہوں نے مزید رونا دھونا ہے۔ فیز ٹو میں بھی ہمارے مخالفوں کی ضمانت ضبط ہو جائیں گی۔ ان کا خوف یہ ہے کہ ادارے مداخلت نہیں کریں گے اور اگر مداخلت نہیں ہوتی تو پیپلزپارٹی جیتے گی۔ لاڑکانہ سے الیکشن جیتنے پر ہم پر دھاندلی کا الزام لگتا ہے، یہ کس قسم کا مذاق ہے۔


خبر کا کوڈ: 1001793

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001793/عمران-خان-مہم-چلا-رہے-ہیں-ریاستی-ادارے-نیوٹرل-نہ-رہیں-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org