QR CodeQR Code

5 سے 11 سال کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ

29 Jun 2022 17:38

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جن بچوں کی عمر 12 سال سے کم ہے، وہ  ویکسین سے رہ جاتے ہیں، اس کے اب انتظامات کر لیے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافے کے تناظر میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ایک سے دو ماہ میں 5 سے 11 سال کے بچوں کی بھی ویکسی نیشن بھی شروع کردی جائے گی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جن بچوں کی عمر 12 سال سے کم ہے، وہ  ویکسین سے رہ جاتے ہیں، اس کے اب انتظامات کر لیے ہیں۔ این سی او سی روزانہ کی بنیاد پر کورونا صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے، اس حوالے سے ہفتہ پندرہ دن میں صورتحال میں تبدیلیاں بھی آئی ہیں۔ وزیراعظم نے آج خود بھی این سی او سی اجلاس کی صدارت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں تھوڑا سا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ کورونا کے ویرینٹ اومیکرون کا بڑے شہروں میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم ہمیں خوفزدہ ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں، لیکن احتیاط لازمی کی جانی چاہیے تاکہ معمولی اضافہ بڑے سانحے میں تبدیل نہ ہوجائے۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ، ریلوے میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا جا چکا ہے، شہری سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے سینی ٹائزر کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کے دن قریب آرہے ہیں، ان دنوں میں کورونا بڑھنے کے امکانات موجود ہیں۔ کورونا کے اعداد شمار بتاتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ 3.5 فیصد تک جاچکا ہے۔ اب ٹیسٹ زیادہ کیے جائیں گے تاکہ صورتحال واضح ہوسکے۔ ٹیسٹ صرف ان لوگوں کے کیے جاتے ہیں جن میں علامات پائی جاتی ہیں۔ کم ٹیسٹ ہونے سے مثبت کیسز زیادہ رپورٹ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 85 فی صد قوم ویکسین لگوا چکی ہے۔ بوسٹر مہم کا آغاز ہو چکا ہے جو یومیہ 10 لاکھ تک لگائی جا رہی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ایک سے دو ماہ میں 5 سال سے 11 سال کے بچوں کی بھی ویکسی نیشن شروع ہوجائے گی۔


خبر کا کوڈ: 1001794

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001794/5-سے-11-سال-کے-بچوں-کی-کورونا-ویکسی-نیشن-شروع-کرنے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org