0
Wednesday 29 Jun 2022 21:03

ادے پور کا واقعہ ایک غیر اسلامی اور غیر انسانی حرکت ہے، مولانا ارشد مدنی

ادے پور کا واقعہ ایک غیر اسلامی اور غیر انسانی حرکت ہے، مولانا ارشد مدنی
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست راجستھان کے ادے پور میں حضرت رسول اللہ (ص) کے نام پر ہونے والے قتل کی مذمت کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ جس طرح ہم جگہ جگہ ہجومی تشدد کے مخالف تھے اسی طرح ہم اس غیر انسانی حرکت کو بھی امن و امان کے لئے انتہائی خطرناک محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ملک کے قانون اور ہمارے مذہب کے خلاف ہے، ہم ہر شخص کے لئے قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے لئے ہمیشہ سے سخت مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادے پور کا واقعہ انتہائی افسوسناک، غیر اسلامی اور غیر انسانی حرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اس معاملہ میں بھی ملک کا قانون اپنا کام کرے گا۔

مولانا ارشد مدنی نے یہ بھی کہا کہ بد زبانوں کی گستاخی کی وجہ سے جو کچھ ہوا برا ہوا، لیکن ملک میں امن و امان اور فرقہ وارانہ خیرسگالی کو قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اس پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس طرح اس واقعہ کی مخالفت کرتے ہیں اسی طرح ہم اس بات کے بھی سخت مخالف ہیں کہ کسی بھی مذہبی شخصیت کی شان میں گستاخی کرکے یا کسی مذہب کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرکے اس کے ماننے والوں کے جذبات کو مجروح کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے مقتدر اشخاص کی خاموشی اور گستاخی کرنے والوں کی گرفتاری کا نہ ہونا وہ اسباب ہیں جنہوں نے ساری دنیا میں ملک کی شبیہ کو خراب کیا ہے اور امن و امان کو آگ لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر حکومت سے کہتے ہیں کہ جن لوگوں نے حضرت رسول اللہ (ص) کی شان میں گستاخی کی ہے ان کو فوراً گرفتار کیا جانا چاہیئے اور قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں پھر کوئی ایسا کرنے کی جرأت نہ کرسکے، نیز پورے دنیا کے مسلمانوں کو سکون و اطمینان میسر ہوسکے۔ واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر رابطہ عالم اسلامی کی میٹنگ میں شرکت کے لئے ان دنوں ملیشیا گئے ہوئے ہیں اور وہیں سے راجستھان کے اس واقعہ پر بیان دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1001804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش