QR CodeQR Code

ادے پور میں انجام دیے جانے والے ہولناک قتل نے انسانیت کو شرمسار کردیا، سید احمد بخاری

29 Jun 2022 21:03

جامع مسجد دہلی کے شاہی امام نے کہا کہ اگر اس بہیمانہ حرکت کو انجام دینے والے افراد نے حضور پاک (ص) کی حیات مبارکہ اور قرآن و شریعت کی روح کو اچھی طرح سمجھا ہوتا تو وہ اس قبیح جرم کے مرتکب نہیں ہوتے۔


اسلام ٹائمز۔ جامع مسجد دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری نے ادے پور (راجستھان) میں انجام دئیے جانے والے دردناک اور سفاکانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ نے انسانیت کو شرمسار کردیا ہے۔ انہوں نے ایک پریس بیان میں کہا کہ ریاض اور غوث نامی دو افراد کے ہاتھوں کنہیا لال نامی شخص کے بے رحمانہ قتل اور وہ بھی حضور اکرم (ص) کے نام پر، نہ صرف ایک بزدلانہ حرکت ہے بلکہ اسلام کے منافی، غیر قانونی اور غیر انسانی عمل بھی ہے۔

سید احمد بخاری نے مزید کہا کہ میں اپنی طرف سے اور ہندوستان کے مسلمانوں کی طرف سے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد اکرم (ص) کی حیات، رحمدلی، تحمل، سخاوت اور انسانی ہمدردی کی متعدد مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ سید احمد بخاری نے کہا کہ اگر اس بہیمانہ حرکت کو انجام دینے والے افراد نے حضور پاک (ص) کی حیات مبارکہ اور سیرت طیبہ کا مطالعہ کیا ہوتا اور قرآن و شریعت کی روح کو اچھی طرح سمجھا ہوتا تو وہ اس قبیح جرم کے مرتکب نہیں ہوتے۔


خبر کا کوڈ: 1001805

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001805/ادے-پور-میں-انجام-دیے-جانے-والے-ہولناک-قتل-نے-انسانیت-کو-شرمسار-کردیا-سید-احمد-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org