QR CodeQR Code

وزارت خزانہ نے مزید مہنگائی کا عندیہ دیدیا

30 Jun 2022 00:58

ماہانہ اکنامک آوٹ لک رپورٹ میں وزارت خزانہ نے شرح سود میں اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی ڈیمانڈ مینجمنٹ پالیسی موثر نہیں، بیرونی ممالک مہنگائی کو قابو کرنے کیلئے شرح سود بڑھا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک آوٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مستقبل میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ آؤٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید کم ہو رہی ہے، اسٹیٹ بینک شرح سود کو بھی مزید بڑھا سکتا ہے۔ رپورٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے گیارہ ماہ کے دوران ملکی برآمدات 26.7 فیصد اضافے سے 29.3 ارب ڈالر اور درآمدات 36.5 فیصد اضافے سے 65.5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 15.2 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 57.1 فیصد کمی کے ساتھ 1570.2 ملین ڈالر اور زرمبادلہ کے ذخائر 27 جون تک 16.104 ارب ڈالر رہے۔

وزارت خزانہ نے شرح سود میں اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی ڈیمانڈ مینجمنٹ پالیسی موثر نہیں، بیرونی ممالک مہنگائی کو قابو کرنے کیلئے شرح سود بڑھا رہے ہیں، ان ممالک میں کساد بازاری کا اندیشہ ہے، مہنگائی کی موجودہ لہر کا تعلق بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے سے ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ایکسچینج ریٹ میں مسلسل کمی سے مہنگائی میں اضافہ اور لوگوں کی قوت خرید کم ہو رہی ہے، پاکستان کو بیرونی تجارت میں مشکلات درپیش ہیں، 5.97 فیصد کی معاشی شرح نمو کے باوجود اندرونی اور بیرونی معاشی چینلجز درپیش ہیں۔ جولائی سے اپریل بجٹ خسارہ 4.9 فیصد رہا، اس دوران پرائمری بیلنس 890 ارب روپے تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر نے 6 ہزار ارب روپے کے ٹیکس محاصل اکٹھے کیے، 11 ماہ میں ترسیلات زر 6.3 فیصد اضافے سے 28.4 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے،جون میں ترسیلات میں اضافے کا امکان ہے۔


خبر کا کوڈ: 1001856

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001856/وزارت-خزانہ-نے-مزید-مہنگائی-کا-عندیہ-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org