QR CodeQR Code

پاکستان چاہے تو سستا پیٹرول فراہم کرسکتے ہیں، جعفر روناس

ایران میں پیٹرول صرف 20 روپے لیٹر فروخت ہو رہا ہے، ایرانی کلچرل اتاشی

30 Jun 2022 08:11

ڈی جی خانہ فرہنگ ایران لاہور کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم ہر وقت پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارے بازو ہر وقت ہمارے مسلم بھائی پاکستان کیلۓ کھلے ہیں۔ جعفر روناس کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کو تسلیم کرنیوالا سب سے پہلا ملک ہے اور اسی طرح جب ایران میں اسلامی حکومت قائم ہوئی تو سب سے پہلے پاکستان نے ایران کی اسلامی حکومت کو تسلیم کیا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور خانہ فرہنگ ایران میں کلچرل اتاشی اور ڈائریکٹر جنرل جعفر روناس کیساتھ پاکستان میڈیا رائیٹرز کلب کے صحافیوں کے گروپ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی کلچرل اتاشی اور ڈائریکٹر جنرل جعفر روناس نے کہا کہ ہم ہر وقت پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہمارے بازو ہر وقت ہمارے مسلم بھائی پاکستان کیلۓ کھلے ہیں۔ جعفر روناس کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کو تسلیم کرنے والا سب سے پہلا ملک ہے اور اسی طرح جب ایران میں اسلامی حکومت قائم ہوئی تو سب سے پہلے پاکستان نے ایران کی اسلامی حکومت کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ خانہ فرہنگ ایران لاہور 1956ء میں پاکستان میں پہلا غیر ملکی کلچرل ادارہ تھا، جس کا قیام عمل میں آیا، دونوں برادر ممالک کے تعلقات بہت قریبی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بہت سے تجارتی معاہدے پورے ہونے کو ہیں، ایران، پاکستان سے چاول اور پاکستان، ایران سے پیٹرول درآمد کرنا چاہتا ہے، جس کے متعلق بات چیت ہو رہی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں عورتوں کو ہر قسم کی مکمل آزادی حاصل ہے، خواتین اسلامی لباس میں رہتے ہوئے ہر قسم کے کھیلوں میں حصہ لیتی ہیں اور انہوں نے مختلف کھیلوں میں گولڈ میڈلز بھی حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران خود تیل پیدا کرنیوالا ملک پے، ایران میں اس وقت پاکستانی 20 روپے لیٹر کے حساب سے پیٹرول فروخت ہو رہا ہے، ہم پاکستان کو سستا پیٹرول دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تمام مسلم ممالک کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے، دشمن ممالک ہمیں لڑا کر خود فائدہ أٹھا رہے ہیں، ہم مسلم ممالک اگر اکٹھے ہو جائیں تو ہم دنیا پر حکومت کرسکتے ہیں۔ امریکہ کیساتھ تعلقات کے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر معاملے میں امریکہ سے تعاون کیا، پورے سات سال تمام قسم کے معاہدوں کو مکمل کیا، لیکن امریکہ کی حکومت بدلتے ہی انہوں نے سابقہ تمام معاہدوں کو ماننے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ ایران اور پاکستان کا مثبت چہرہ دونوں ممالک کے عوام کے سامنے لائیں اور دلوں میں محبت پیدا کرنے کیلۓ پُل کا کردار ادا کریں اور اس مقصد کیلئے صحافیوں کو چاہیئے کہ وہ ایران کا دورہ بھی کریں، تاکہ وہ ایران کی ثقافت کو دیکھ کر پاکستانی عوام کو بہتر طور پر ایران کی تصویر دکھا سکیں۔ میڈیا رائٹرز کلب کے چیئرمین افتخار خان اور نائب صدر شبیر احمد شگری نے بھی پاک ایران تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے حل کو فوری طور پر ایران کی مدد سے حل کیا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1001890

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1001890/پاکستان-چاہے-سستا-پیٹرول-فراہم-کرسکتے-ہیں-جعفر-روناس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org