QR CodeQR Code

مہنگائی کیوجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بیڈگورننس، کرپشن اور سودی نظام ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

30 Jun 2022 21:48

اپنے بیان میں جماعت اسلامی کے مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے اسمبلی میں پیش کئے جائیں۔ امریکا اور آئی ایم ایف کے غلاموں نے پاکستان کا جغرافیہ اور نظریہ برباد کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، فوجی آمروں اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے مل کر ملک کو 50 ہزار ارب روپے سے زائد کا مقروض کیا۔ مہنگائی کی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بیڈگورننس، کرپشن اور سودی نظام ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدے اسمبلی میں پیش کئے جائیں۔ امریکا اور آئی ایم ایف کے غلاموں نے پاکستان کا جغرافیہ اور نظریہ برباد کر دیا۔ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے پاکستانیوں کی خودداری اور نوجوانوں کا مستقبل استعمار کے ہاتھوں گروی رکھ دیا۔ بدترین مہنگائی، بدعنوانی اور شدید گرمی میں بجلی کی بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کر دیا۔ مہنگائی کرنے کی بجائے سابقہ و موجودہ حکمرانوں کی لوٹی گئی قومی دولت برآمد کرکے ملک کے قرضے ادا کئے جائیں۔

اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ لوگ مہنگائی اور غربت سے تنگ، زندگی گزارنا محال ہو گیا۔ پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے ڈگریاں جلا رہے ہیں۔ کئی دہائیوں سے پاکستان پر مافیاز کا راج، ایک طرف ایک فیصد طبقہ 99 فیصد وسائل پر قابض اور دوسری جانب مجبور اور بے بس عوام بنیادی ضروریات کے لئے ترس رہے ہیں۔ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ سبھی سیاسی جماعتیں حکومت میں ہیں۔ اقتدار میں ہونے کے باوجود یہ لوگ چوکوں چوراہوں میں جلسے بھی کر رہے ہیں اور رو بھی رہے ہیں۔ یہ کب تک عوام کو دھوکا دیتے رہیں گے۔ حکمران سن لیں کہ قوم بیدار ہو چکی ہے۔ ہمارے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے۔ سودی معیشت کے خلاف جہاد کرنا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات سے بغاوت کریں گے تو انجام بنی اسرائیل جیسا ہوگا۔ ملک میں سبھی تجربات ناکام ہو گئے۔ اب ایک موقع اسلامی نظام کو ملنا چاہئیے۔


خبر کا کوڈ: 1002016

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002016/مہنگائی-کیوجہ-وسائل-کی-کمی-نہیں-بلکہ-بیڈگورننس-کرپشن-اور-سودی-نظام-ہے-مولانا-عبدالحق-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org