QR CodeQR Code

گندم کی کمی دور کرنے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کا طریقہ رائج کرنا ہوگا، فتح اللہ خان

30 Jun 2022 23:40

وزیر اطلاعات گلگت بلتستان نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گندم کی پیداوار میں کمی اور درآمدی گندم کی قیمت زیادہ ہونے سے گندم سبسڈی کے فوائد سے غریب طبقہ فیض یاب نہیں ہو رہا لہذا اس حوالے سے مستقل بنیادوں پر ٹھوس فیصلے لینا وقت کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ گندم کی کمی اور آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کا طریقہ کار رائج کیا جائے تاکہ اس سہولت سے معاشرے کے ضروت مند افراد فائدہ اٹھا سکیں اور مستقبل میں اس حوالے سے کوئی بحران پیدا نہ ہو۔ ملک میں گندم کی پیداوار میں کمی اور درآمدی گندم کی قیمت زیادہ ہونے سے گندم سبسڈی کے فوائد سے غریب طبقہ فیض یاب نہیں ہو رہا لہذا اس حوالے سے مستقل بنیادوں پر ٹھوس فیصلے لینا وقت کی ضرورت ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ فراہم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی ضرورت ہے، ملک کے دوسرے صوبوں میں فلور ملز کو گندم کا کوٹہ فراہم کرنے کی نظیر نہیں ملتی، فلور ملز کو گندم کوٹہ ختم کرنے سے آٹے کی سمگلنگ کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے نے بجٹ میں سرکاری دفاتر کو اخبار و رسائل کی خریداری بند کرنے کے فیصلے کو گلگت بلتستان میں اخباری صنعت کیلئے نقصان دہ قرار دیا اور کٹوتی کی تحریک پیش کرتے ہوئے سرکاری دفاتر میں اخبار و رسائل کی خریداری ختم کرنے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور جی بی کے تمام سکولوں اور کالجوں میں نیوزپیپر اسٹینڈ بھی قائم کرنے ہر بھی زور دیا تاکہ نئی نسل کو حالات حاضرہ سے کما حقہ آگاہی ہو۔ اس موقع پر وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی فتح اللہ خان کی جانب سے اس اہم کٹوتی تحریک کا خیرمقدم کیا اور وزیر خزانہ جاوید منوا کو ہدایت جاری کی کہ دفاتر میں اخبار و رسائل کی خریداری پر پابندی کے فیصلے کو واپس لیا جائے۔ وزیر اطلاعات نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان پر زور دیا کہ وہ وفاقی حکومت سے جی بی کیلئے اضافی گرانٹ کے حصول کیلئے کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 1002040

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002040/گندم-کی-کمی-دور-کرنے-کیلئے-ٹارگٹڈ-سبسڈی-کا-طریقہ-رائج-کرنا-ہوگا-فتح-اللہ-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org