QR CodeQR Code

لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ

وزیراعظم کی اتحادیوں سے اہم ملاقات

1 Jul 2022 10:41

پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پیپلز پارٹی نے حمزہ شہباز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ دوبارہ گنتی میں وہ دوبارہ جیتیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جمعرات کو پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے انتخاب سے متعلق اہم فیصلہ سنائے جانے کے چند گھنٹے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی اور صورتحال سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام شرکا نے فیصلے میں اس نقطہ نظر سے اتفاق کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین اسمبلی کے ووٹوں کو دوبارہ گنتی میں کیسے شمار نہیں کیا جائے گا اور یہ کہ آئین میں ایسی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ تاہم پیپلز پارٹی نے حمزہ شہباز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ دوبارہ گنتی میں وہ دوبارہ جیتیں گے۔ حکمران اتحاد میں اتحادیوں کے درمیان 'بانڈنگ فورس' تصور کیے جانے والے آصف علی زرداری نے اتحادی شراکت داروں کے خدشات پر بھی بات کی اور وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ انہیں دور کریں۔ قبل ازیں وزیراعظم نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ خالد مگسی، مسلم لیگ(ق) کے چوہدری سالک حسین اور اسلم بھوتانی سمیت اتحادی جماعتوں کے کچھ اہم رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔


خبر کا کوڈ: 1002118

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002118/وزیراعظم-کی-اتحادیوں-سے-اہم-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org