QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی کابینہ کا اجلاس، اہم امور پر مشاورت اور فیصلہ جات

2 Jul 2022 00:13

اجلاس میں شہید قائد کی برسی کی سالانہ تقریب کو حتمی شکل دینے سمیت اہم ملکی و قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 26 جولائی کو شہید قائد کی برسی کی مناسبت سے "مہدی برحق" کے عنوان سے اسلام آباد میں شایان شان جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نومنتخب مرکزی کابینہ کا دوسرا باضابطہ اجلاس ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جماعت کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ اجلاس میں وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، جنرل سیکرٹری ناصر عباس شیرازی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم صدیقی، سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود ڈومکی، سیکرٹری ایمپلائز ونگ ملک اقرار حسین، سیکرٹری روابط سید محسن زیدی، سیکرٹری تعلیم عارف علی جانی، صدر مجلس علمائے شیعہ علامہ سید حسنین عباس گردیزی شریک تھے۔ سیکرٹری امور خارجہ شفقت شیرازی نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں شہید قائد کی برسی کی سالانہ تقریب کو حتمی شکل دینے سمیت اہم ملکی و قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 26 جولائی کو شہید قائد کی برسی کی مناسبت سے "مہدی برحق" کے عنوان سے اسلام آباد میں شایان شان جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

جماعت کی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور اسے وسعت دینے کے لیے تجاویز و آراء کا بھی تبادلہ ہوا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے لئے ورکنگ کمیٹی کا قیام عمل میں آیا، جس کا مقصد پنجاب کے مختلف اضلاع میں تنظیمی فعالیت کی بہتری کے لیے اقدامات کرنا ہیں۔ کمیٹی کو پنجاب کے اندر تین ماہ میں تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ مذکورہ کمیٹی تین ماہ کے فوراً بعد صوبائی شوریٰ کا اجلاس منعقد کرکے صوبائی صدر کے انتخاب کی ذمہ دار ہوگی، ملک اقرار حسین کو کمیٹی کا مسئول مقرر کیا گیا۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں علامہ عبدالخالق اسدی، مولانا حسن رضا ہمدانی، سید حسن رضا کاظمی اور ایڈووکیٹ آصف رضا شامل ہیں۔ اجلاس میں آزاد جموں کشمیر کے تنظیمی امور پر بھی گفت و شنید کی گئی۔ آزاد کشمیر کے آرگنائزر علامہ سید یاسر سبزواری، علامہ حسنین گردیزی اور علامہ مقصود ڈومکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 1002202

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002202/ایم-ڈبلیو-کی-مرکزی-کابینہ-کا-اجلاس-اہم-امور-پر-مشاورت-اور-فیصلہ-جات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org