QR CodeQR Code

سودی نظام نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے، علامہ سید ہاشم موسوی

2 Jul 2022 13:05

اپنے بیان میں علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ مضاربہ کو شیعہ، سنی اور تمام مکاتب فکر کے لوگ قبول کرتے ہیں۔ سودی نظام کے برخلاف اسے نافذ کردیا جائے تاکہ سودی کی لعنت کا خاتمہ ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سودی نظام نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ بہت افسوس کی بات ہے کہ بعض عناصر کی جانب سے ملک میں سودی نظام کو رواج دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سودی نظام کو ختم کرنے کا جو فیصلہ سنایا ہے۔ بعض عناصر اسکی بھی مخالفت کررہے ہیں، جو قابل افسوس ہے۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ہمارے پاس اسلامی بینکاری کا نظام موجود ہے، جو مضاربہ پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سودی مظام میں فقط ایک دوسرے کو سود دے کر منافع حاصل کیا جاتا ہے۔ جس سے معاشرے کے اقتصادی پروگرامز کے سلسلہ میں ایک جمود پیدا سکتا ہے۔ لیکن مضاربہ ایک ایسا اسلامی بینکنگ کا نظام ہے جس میں کام ہوتا ہے۔ یعنی جس کے پاس دولت ہے، وہ اپنی دولت دیتا ہے اور کام کرواتا ہے۔ کام کرنے والا ایک تناسب کے ساتھ منافع کا حصہ پہلے شخص کو دیتا ہے جو سود سے پاک ہوتا ہے۔ بینکوں میں اس سلسلہ کے آغاز سے معاشرے میں روزگار، کاروبار اور بازاروں میں جمود کے سلسلہ کا خاتمہ ہوگا۔

علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ مضاربہ سے نہ صرف ملک میں بے روزگاروں کو روزگار کے مواقع ملیں گے، بلکہ اقتصادیات، بازاروں، کارخانوں اور زندگی کے دیگر شعبوں میں رونق آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضاربہ ایک ایسی بینکاری ہے، جسے شیعہ، سنی اور تمام مکاتب فکر کے لوگ قبول کرتے ہیں۔ لہٰذا سودی نظام کے برخلاف اسے نافذ کردیا جائے تاکہ سودی کی لعنت کا خاتمہ ہوں۔ اس طرح ہم درجہ اول میں اللہ کی عبادت اور اسکی رضا کو ملک میں فراہم کر سکیں گے۔ انہوں نے قرآنی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سودی نظام اللہ تعالیٰ کے ساتھ کھلم کھلا جنگ ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جو سود کھاتا ہے گویا اس نے خدا کے ساتھ لڑائی کی ہے۔ لہٰذا ان چیزوں سے بچنے کیلئے مضاربہ اور اسلامی بینکاری کے نظام کو نافذ کیا جائے جو ایک بہترین نظام ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں استدعا کرتے ہوئے کہا کہ حضرت آیت اللہ سید باقر الصدر کی کتاب "اقتصادنا" سے استفادہ کیا جائے اور نظام مضاربہ کو مضبوط کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1002292

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002292/سودی-نظام-نے-ملک-کو-دیوالیہ-کر-دیا-ہے-علامہ-سید-ہاشم-موسوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org