QR CodeQR Code

جموں و کشمیر کی 6 سیاسی جماعتوں کا اندراج منسوخ

2 Jul 2022 16:08

قیام میں آنے کے سالوں بعد بھی یہ پارٹی زمینی سطح پر غیر فعال پائے جانے والی ان جماعتوں کو کمیشن کی جانب سے تصدیق کیلئے نوٹس جاری کئے گئے تھے تاہم یہ جماعتیں اپنی تصدیق کرنے میں ناکام رہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ پہلے حد بندی کا عمل مکمل کیا گیا اور اب ووٹر لسٹوں کی اختتامی جانچ پڑتال جاری ہے وہیں سیاسی جماعتوں کی تصدیق بھی کی جا رہی ہے۔ اسی عمل کے دوران بھارتی الیکشن کمیشن نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی 6 غیر فعال سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کو منسوخ کر دیا ہے۔ کمیشن کے ایک حکم کے مطابق پول باڈی نے جموں و کشمیر کی چھ رجسٹرڈ غیر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کا اندراج ختم کر دیا ہے۔ پول باڈی کا کہنا ہے کہ زمینی سطح پر ان پارٹیوں کا کوئی وجود نہیں ہے۔ یہ تمام ایسی پارٹیاں ہیں جو انتخابات کے دوران اپنے پراکسی امیدوار انتخابات میں اتارتی ہیں اور بعد میں بڑی جماعتوں کے امیدواروں سے بڑی مقدار میں پیسہ وصول کر کے اپنے امیداروں کو واپس لے لیتی ہیں۔ قیام میں آنے کے سالوں بعد بھی یہ پارٹی زمینی سطح پر غیر فعال پائے جانے والی ان جماعتوں کو کمیشن کی جانب سے تصدیق کیلئے نوٹس جاری کئے گئے تھے تاہم یہ جماعتیں اپنی تصدیق کرنے میں ناکام رہیں اور اب الیکشن کمیشن نے ان کا اندراج منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

زمینی سطح پر غیر موجود پائے جانے کے بعد سی ای اوز کی جانب سے اندراج ختم کر دیا گیا ہے، تصدیق کے دوران پتہ چلا ہے کہ یہ پارٹی محض کاغذوں میں موجود ہیں، لیکن زمینی سطح پر ان کا کوئی وجود نہیں ہے اور کمیشن کی طرف سے جاری کردہ خطوط محکمہ ڈاک کے ذریعے بغیر ڈیلیوری کے واپس آ گئے ہیں۔ غیر رجسٹرڈ جماعتوں میں جموں و کشمیر عوامی لیگ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی نیشنلسٹ، آل جے اینڈ کے پیپلز پیٹریاٹک فرنٹ، ڈیموکریٹک جنتا دل (جے اینڈ کے)، جے اینڈ کے سٹیزن پارٹی اور جموں و کشمیر نیشنل یونائیٹڈ فرنٹ شامل ہیں۔ ان جماعتوں میں جموں و کشمیر عوامی لیگ ہی ایک ہی ایسی جماعت ہے جو اب تک اپنے امیدوار اسمبلی میں بھیجنے میں کامیاب رہی۔ جموں و کشمیر عوامی لیگ کی بنیاد محمد یوسف پرے نے 1995ء میں رکھی تھی۔ اُنہوں نے اپنا پہلا انتخابی اجلاس 29 اپریل 1996ء کو منعقد کیا تھا۔ یہ 1996ء اور 2002ء کے اسمبلی انتخابات میں ایک ایک ایم ایل اے بھیجنے میں کامیاب رہی لیکن بعد میں یہ غیر فعال ہوگئی۔


خبر کا کوڈ: 1002315

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002315/جموں-کشمیر-کی-6-سیاسی-جماعتوں-کا-اندراج-منسوخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org