QR CodeQR Code

ایرانی وزیر خارجہ امیر عبد اللہیان دمشق پہنچ گئے

2 Jul 2022 14:45

دمشق روانگی سے قبل ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں ترقی ہو رہی ہے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے ایک نئے بحران کو روکے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ شام کے اعلیٰ حکام سے ملاقات اور درپیش امور پر تبادلہ خیال کے لئے دمشق پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان آج صبح ہی شام کے اعلیٰ حکام سے ملاقات اور گفتگو کے لیے دمشق پہنچے، جہاں ان کا استقبال ان کے شامی ہم منصب فیصل المقداد اور شامی عوام نے کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے حسین امیر عبداللہیان کے دورہ دمشق کا شبِ جمعہ سرکاری طور پر اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے علاقائی دورہ کے سلسلے میں ترکی کے بعد اب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان دو جولائی بروز ہفتہ دمشق جائیں گے۔ کنعانی کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینا، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ وزیر خارجہ نے روانہ ہونے سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ چار دن پہلے کئے گئے ترکی کے دورے کے بعد شامی حکام سے مشاورت ضروری ہے۔ خطے میں ترقی ہو رہی ہے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے ایک نئے بحران کو روکے۔

انہوں نے کہا کہ میرے دورے کا ایک مقصد شام اور ترکی کے درمیان خطے میں سلامتی کا قیام ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے ساتھ ایران کے دیرینہ تعلقات ہیں، جب کہ میرے سفر کا دوسرا مقصد دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانا اور بشار الاسد اور اعلیٰ شامی حکام سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر موجود مختلف مسائل کے حوالے سے مشاورت کرنا ہے۔ واضح رہے کہ یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد امیر عبداللہیان کا دمشق کا یہ چوتھا دورہ ہے۔ گذشتہ ہفتے امیر عبداللہیان نے اپنے ترک ہم منصب ''مولود چاووش اوغلو'' کی دعوت پر انقرہ کا دورہ کیا، جس میں ترکی کے صدر رجب طیب اردغان اور وزیر خارجہ چاووش اوغلو سے ملاقات اور باہمی مسائل مخصوصاََ شام کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی نیوز ذرائع کا حسین عبداللہیان کے شام کے دورے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پہلا دورہ گذشتہ ستمبر میں عراق کی حمایت میں ہونے والی علاقائی کانفرنس میں شرکت کے لیے بغداد جانے کے بعد عمل میں آیا تھا، جس میں شام کے صدر بشار الاسد اور وزیر خارجہ فیصل المقداد سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

شام کا دوسرا دورہ انہوں نے گذشتہ سال اکتوبر میں کیا تھا، جبکہ حالیہ سال مارچ میں انہوں نے دمشق کا تیسری مرتبہ سفر کیا تھا۔ دوسرے دورے کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ حسین امیر عبداللہیان گذشتہ سال اکتوبر میں ماسکو اور بیروت کا دورہ کرنے اور ان ممالک کے حکام سے مشاورت کے بعد اپنے سفر کی تیسری منزل شام کے دارالحکومت دمشق گئے۔ وہ اپنا عہدہ سنبھالنے کے ڈیڑھ ماہ سے بھی کم عرصہ میں دوسری مرتبہ راہی دمشق ہوئے تھے، جس میں انہوں نے شام کے صدر بشار الاسد اور اپنے شامی ہم منصب فیصل المقداد سے ملاقات اور مختلف مسائل پر گفتگو کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے دمشق میں شام کے وزیر خارجہ فیصل المقداد کو دورہ تہران کی دعوت دی اور شام کو ایران کا اسٹریٹیجک اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم مشکل وقت میں اپنے اتحادیوں اور دوستوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اسی طرح ڈپلومیٹک ادارے کے سربراہ مارچ میں تیسری مرتبہ شام گئے اور وہاں کے حکام سے ملاقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔


خبر کا کوڈ: 1002324

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002324/ایرانی-وزیر-خارجہ-امیر-عبد-اللہیان-دمشق-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org