0
Saturday 2 Jul 2022 23:48

امریکہ مخصوص مسلمانوں کی پرورش کرکے انہیں اسلامی دنیا پر مسلط کرتا ہے، سراج الحق

امریکہ مخصوص مسلمانوں کی پرورش کرکے انہیں اسلامی دنیا پر مسلط کرتا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کسی وڈیرے یا جنرل نے نہیں بلکہ وکیل نے بنایا، وکلاء کی تنظیموں کی طرح جماعت اسلامی میں بھی جمہوریت ہے، وکلاء نے کالے کوٹ پہن کر پرویز مشروف کی آمریت کا خاتمہ کیا۔مدینہ منورہ کے بعد اگر روئے زمین پر کوئی پاک ملک ہے تو وہ پاکستان ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان ختم ہو جائے گا، لیکن پاکستان قیامت تک قائم رہے گا، پاکستان نے چالیس سال تک افغانیوں کا ساتھ دیکر روس اور امریکہ کو شکست دی، پاکستان ایک عظیم ملک اور پاکستانی ایک عظیم قوم ہے۔ پاکستان سامراجی، استعماری اور دجالی تہذیب کے محاصرے میں ہے، امریکہ سمجھتا ہے کہ وہ جو کرے، اسے دنیا تسلیم کرے، امریکہ مخصوص مسلمانوں کی پرورش کرکے اسے حکمرانوں کی شکل میں اسلامی دنیا پر مسلط کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رحمٰن اللہ، جنرل سیکرٹری فاروق آفریدی، سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن و سینیئر وکیل رہنماء عبداللطیف آفریدی، اسلامک لائرز موومنٹ کے ارباب عثمان، فدا گل ایڈووکیٹ، فقیر اللہ اعوان، نائب امیر صوبہ عنایت اللہ خان، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی اور دیگر بھی شریک تھے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے کا نام دیکر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ان کے قبضے میں ہیں، جی 20، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ڈبلیو ایچ او جیسے اداروں سے دنیا کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ مغربی تعلیمی ادارے سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر طے کرتے ہیں کہ نصاب کونسا ہوگا۔ 2013ء میں اتحادی کی حیثیت سے تحریک انصاف سے تعلیم کے قلمدان کی درخواست کی۔تحریک انصاف کے لوگوں نے بتایا کہ تعلیم کے لئے ہم نے پہلے مغربی ممالک کے ساتھ وعدے کئے ہیں، 1956ء تک ہمارے حکمران تاج برطانیہ سے وفاداری کا حلف لیتے تھے، ملک پر 35 سال تک جرنیلوں نے حکومت کی۔ جرنیلوں نے پورے ملک کے نظام کو ٹینک کی طرح چلایا، اس ملک میں سیاسی جماعتیں نہیں صرف پہرے دار بدلتے ہیں، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، چار سال قبل نواز شریف کا بھی یہی بیانیہ تھا۔ کیا ہم نے صرف امام اور چوکیدار کو بدلنا ہے یا نظام کو بھی بدلنا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ جب تک ملک میں میرٹ کی حکمرانی نہیں ہوگی، ترقی و خوشحالی نہیں آسکتی۔ جب میں یہاں وزیر خزانہ تھا تو صوبے کو قرض فری بنایا تھا۔میں نے صوبے میں وزراء کی تنخواہ اٹھارہ ہزار مقرر کی تھی۔ آج افغان طالبان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وزیر کی تنخواہ مزدور کے برابر ہوگی، جماعت اسلامی سود کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف فیصلہ دیا لیکن کچھ بینکوں نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی۔ سود اور ریاست ایک ساتھ نہیں چل سکتے، موجودہ حکمران سود کو تقویت دینے میں نمبر ون ہیں۔ عید کے بعد مشاورت کرکے سود کے خلاف مشترکہ اعلان جنگ کریں گے، موجودہ حکمران پہلے حکمرانوں سے بھی زیادہ نااہل ہیں، عوام اس ملک کے نظام کو بدلنے کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ سراج الحق نے کہا کہ سازشوں کے ذریعے عراق، یمن، شام اور افغانستان کو تباہ کیا گیا، اب اسی طرح کی سازشیں پاکستان کے خلاف کی جا رہی ہیں۔ موجودہ اور سابق حکمران سٹیٹس کو کی علامت ہیں، ہیلی کاپٹر رکھنے والا سائیکل والے کے مسائل کو نہیں سمجھتا۔ بجلی کا یونٹ پانچ سو کا بھی ہو جائے، تب بھی آصف زرداری، شہباز شریف اور شوکت ترین کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا کہ ابھی نندن کے بدلے کشمیری رہنماؤں کو رہا کروائیں، لیکن نہیں مانا گیا۔ ابھی نندن کو 72 گھنٹے بھی اپنے پاس نہ رکھ سکے اور اسے ہندوستان کو واپس کر دیا۔ لوگ کہتے ہیں کہ عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا، انصاف کے دروازے سونے کی چابیوں سے کھلتے ہیں۔ 20 لاکھ سے زائد مقدمات زیر التواء ہیں، لیکن چیف جسٹس ڈیم بنانے کے لئے چندے جمع کر رہے تھے۔ ہماری عدالتوں میں کیس کو نہیں لوگوں کے منصب اور مرتبے کو دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے پاس معیشت کی بہتری کا کوئی پلان نہیں ہے، ہمارے ملک کے فیصلے عوام نہیں آئی ایم ایف کے بند دفاتر میں ہوتے ہیں، کس نے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی قدر 90 روپے کم کی۔
خبر کا کوڈ : 1002368
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش