0
Sunday 3 Jul 2022 01:29

100 روپے کے نوٹ پر قائداعظم کے نام کی املا غلط ہونے کا انکشاف

100 روپے کے نوٹ پر قائداعظم کے نام کی املا غلط ہونے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ وفاقی محتسب نے بزرگ شہری کی جانب سے 100 روپے کے نوٹ پر موجود دو غلطیوں کی نشاندہی کے بعد اسٹیٹ بینک کو فوری طور پر خامیاں دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے 75 سالہ محمد محسن نے 100 روپے کے نوٹ پر بابائے قوم محمد علی جناح کا نام اور اس کے پیچھے تصویر کا مقام درست نہ ہونے کی نشاندہی کی، جس پر وفاقی محتسب نے ایکشن لیتے ہوئے ان دو خامیوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ نشاندہی کرنے والے ریٹائرڈ سرکاری ملازم محمد محسن کا کہنا ہے کہ دس سال قبل نوٹ کا بغور جائزہ لینے پر اندازہ ہوا کے انگریزی میں قائد اعظم کے نام کی املا آئین پاکستان میں درج شدہ اسپیلنگ کے مطابق نہیں، ”Quaid-i-Azam” کی جگہ”Quaid-e-Azam” ہے جو کہ غلط ہے، جبکہ نوٹ کی پشت پر طبع شدہ تصویر کے ساتھ قائد اعظم ریذیڈنسی زیارت کوئٹہ لکھا گیا ہے جو کہ بلوچستان ہونا چاہیئے تھا۔

محمد محسن کا کہنا ہے کہ گذشتہ دس سالوں کے دوران متعلقہ اداروں کو سینکڑوں خطوط لکھے، لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوئی، جنوری 2022ء میں وفاقی محتسب کے پاس درخواست جمع کرائی، جس پر انہوں نے متعلقہ حکام کو نوٹسز بجھوائے اور اب اپنا فیصلہ سنا دیا۔ وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر کوئٹہ کے سربراہ سرور بروہی کیمطابق وفاقی محتسب نے شکایت گزار کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو دونوں غلطیوں کو درست کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران سال 2006ء میں شروع ہونے والے 5ویں جنریشن کے کرنسی نوٹ مارکیٹ میں اسی طرح استعمال ہوتے رہیں گے، تاہم نئے آنے والے نوٹوں پر یہ غلطی درست کر دی جائے گی۔ سرور بروہی نے 75 سالہ شہری کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد محسن نے نہ صرف غلطی کی نشاندہی کی بلکہ بار بار ناکامی کے باوجود ہمت نہ ہار کر حب الوطنی کا ثبوت دیا۔
خبر کا کوڈ : 1002390
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش