QR CodeQR Code

پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر نواز شریف کا دل خون کے آنسو روتا ہے، مریم نواز

3 Jul 2022 01:54

لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 167 کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان 2018ء میں عوامی مینڈیٹ چرا کر اقتدار پر مسلط ہوا اور اُس نے خزانے کو خالی کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے وزیراعظم شہباز شریف کو واضح کیا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے اب انہیں پاکستان پر اعتبار نہیں ہے۔ لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 167 کی انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان 2018ء میں عوامی مینڈیٹ چرا کر اقتدار پر مسلط ہوا اور اُس نے خزانے کو خالی کر دیا، بات توشہ خانے کی نہیں بلکہ عادت کی ہے، جس کی وجہ سے آج پاکستان کا خزانہ خالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ خان جگہ جگہ جا کر اپنی حکومت کے خاتمے کا رونا روتا ہے، کیا عوام نے اسے پاکستان ٹھیکے پر دیا ہوا تھا، جو لوٹ کھسوٹ کرنے دیتے۔ مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے چلینجز میں حکومت حاصل کی اور عوام یقین رکھے کہ ملک کو چلینجز سے بھی مسلم لیگ نون ہی نکالے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ کا ساتھ دیں، ہم آپ کو ان مشکلات سے نکالیں گے، آج ہمیں قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں تو یہ فتنہ خان کی وجہ سے ہے، پوری محنت کے ساتھ نواز شریف اور شہباز شریف آپکو ان بحرانوں سے نکالیں گے۔ مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے دعویٰ کیا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر نواز شریف کا دل خون کے آنسو روتا ہے، ہمیں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں دل پر پتھر رکھ کر بڑھانی پڑ رہی ہیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ پنکی پیرنی کا بیٹا ابراہیم مانیکا گذشتہ چار سالوں میں ارب پتی ہوگیا جبکہ فرح گوگی نے بھی عوام کا پیسہ خوب لوٹا، ہمارے امیدوار نذیر چوہان جیسے لوگوں نے پنجاب کے عوام کی ان ظالموں سے جان چھڑائی، جس پر سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1002396

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002396/پیٹرول-کی-قیمتیں-بڑھنے-پر-نواز-شریف-کا-دل-خون-کے-آنسو-روتا-ہے-مریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org