QR CodeQR Code

جامعہ قرآن ناطق ویلنشیاء ٹاؤن لاہور میں طفلان مسلم ورکشاپ کا انعقاد

3 Jul 2022 12:28

چیئرمین ادارہ التنزیل پاکستان ڈاکٹر سید علی عباس نقوی کا کہنا تھا کہ طفلان مسلم ورکشاپ آج کے پُرآشوب دور میں نونہالان اور نوجوانان(طلباء و طالبات)کیلئے تربیت سازی کا منفرد خیمہ ہے، جو ناصرین امام (عج) کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ادارہ التنزیل لاہور کے زیراہتمام 12 ویں سالانہ طفلانِ مسلم ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں لاہور بھر کے سینکڑوں بچوں نے شرکت کی۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ادارہ التنزیل ڈاکٹر علی عباس نقوی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تربیت طفلان و نونہالان کیلئے طفلان مسلم ورکشاپ خصوصی اور منفرد کردار ادا کر رہی ہے، جس میں بچوں کیلئے دینی علوم کی کلاسز سمیت مختلف سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں ملٹی میڈیا، سیر و تفریح، تیر اندازی، تیراکی وغیرہ شامل تھیں۔ تمام گروہوں کی روزانہ باجماعت نماز، ورزش اور اسمبلی کا انعقاد بھی سرفہرست تھا۔ اس موقع پر بچوں کو جہاں علمی و فکری اعتبار سے خود کو مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا گیا، وہیں بچوں اور جوانوں کو معنوی اور جسمانی حوالے سے بھی تقویت حاصل کرنے کا موقع ملا، جو بچوں کیلئے نہایت مفید اور کارآمد ثابت ہوا۔

ورکشاپ میں طلباء میں تدریسی فرائض مولانا سید اسد نقوی، مولانا محمد نواز، مولانا شیخ کاظم، مولانا شیخ مدثر حسن، حنین زیدی اور عظیم سبزواری نے جبکہ طالبات میں خانم شمائلہ، خانم آمنہ، خانم رباب رضوی، خانم رباب سبزواری، خانم عظمی شیرازی، خانم ام آیت، خانم ندرت، خانم بسمہ زیدی، خانم اقراء، خانم سیدہ عفت کاظمی، خانم سیدہ ثمن وجاہت رضوی، خانم ظہرہ نقوی اور خانم ماریہ نے انجام دیئے۔ مضامین میں احکام، عقائد، سیرت معصومین، اخلاق، تدبر قرآن کریم، مہدویت، اعتقادی شبہات، تعلیمی راہنمائی اور میڈیا کے موضوعات شامل تھے۔ ورکشاپ کا کل دورانیہ 15 دنوں پر مشتمل تھا، جن میں سے 7 دن طلباء اور 7 دن طالبات کیلئے مختص تھے، جو کہ ڈاکٹر سید علی عباس نقوی کی نظارت میں منعقد ہوئی۔

ورکشاپ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات قومی مرکز شاہ جمال میں منعقد ہوئی۔ جس میں سید حسنین جعفر زیدی (رکن جامعہ قرآن ناطق لاہور)، سید انجم رضا ترمذی اور سید نثار علی ترمذی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تمام طلباء و طالبات میں قیمتی تحائف و انعامات تقسیم کیے گئے۔


خبر کا کوڈ: 1002472

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002472/جامعہ-قرآن-ناطق-ویلنشیاء-ٹاؤن-لاہور-میں-طفلان-مسلم-ورکشاپ-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org