QR CodeQR Code

علامہ جہانزیب علی جعفری ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے نئے صدر منتخب

3 Jul 2022 22:29

جامعہ شہید عارف الحسینی میں منعقدہ دو روزہ تنظیمی کنونشن کے پہلے روز شب شہداء کا اہتمام کیا گیا، جس سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خصوصی خطاب کیا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کے انٹرا پارٹی الیکشن میں علامہ جہانزیب علی جعفری کو آئندہ تین سال کیلئے ایم ڈبلیو ایم کا صوبائی صدر منتخب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے دو روزہ کنونشن جامعہ شہید عارف الحسینی پشاور میں منعقد ہوا، جس میں سابق صوبائی کابینہ، تمام اضلاع سے تنظیمی نمائندے اور مرکز کی جانب سے چئیرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود ڈومکی نے شرکت کی۔ کنونشن کے پہلے روز شب شہداء کا اہتمام کیا گیا، جس سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خصوصی خطاب کیا۔ جبکہ دوسرے روز انٹرا پارٹی الیکشن کے موقع پر علامہ وحید عباس کاظمی نے دستوری تقاضوں کے مطابق خطاب کے بعد اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

جس کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن منعقد ہوئے، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود ڈومکی نے 3 نام صوبائی شوریٰ کے سامنے پیش کیے، جن میں علامہ جہانزیب علی جعفری، علامہ سید وحید عباس کاظمی اور علامہ ارشاد علی کا نام شامل تھا۔ جن پر باقاعدہ ووٹنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں علامہ جہانزیب علی جعفری آئندہ تین سال کیلئے ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے نئے صدر منتخب ہوگئے، اس موقع پر علامہ مقصود ڈومکی نے نومنتخب صوبائی صدر سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔


خبر کا کوڈ: 1002526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002526/علامہ-جہانزیب-علی-جعفری-ایم-ڈبلیو-خیبر-پختونخوا-کے-نئے-صدر-منتخب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org