0
Sunday 3 Jul 2022 22:54

چارسدہ، شہید صحافی افتخار احمد سپرد خاک، وزیراعلیٰ کے پی کا قاتلوں کی گرفتاری کا حکم

چارسدہ، شہید صحافی افتخار احمد سپرد خاک، وزیراعلیٰ کے پی کا قاتلوں کی گرفتاری کا حکم
اسلام ٹائمز۔ چارسدہ میں گذشتہ روز شہید ہونے والے صحافی افتخار احمد کو سپرد خاک کردیا گیا، وزیراعلیٰ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل چارسدہ کے علاقے شب قدر میں نامعلوم افراد نے ایکسپریس نیوز کے نمائندے افتخار احمد کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا، آج انہیں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا۔ سینئر صحافی افتخار احمد کی نماز جنازہ آج صبح 8 بجے شب قدر میں ادا کی گئی جس میں شب قدر کے سیاسی اور سماجی افراد سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ بعدازاں انہیں آبائی قبرستان فاطمہ خیل شبقدر میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شہید افتخار احمد کے قتل کے خلاف صحافی برادری نے احتجاج کرتے ہوئے شبقدر چوک سے ڈی ایس پی آفس تک ریلی نکالی۔

مظاہرین نے کہا کہ بھرے بازار میں صحافی کا قتل قابل افسوس ہے، قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، حکومت صحافی برادری کو تحفظ دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے، حکومت شہید ہونے والے صحافی کے لواحقین کو شہداء پیکیج دے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کیلئے احکامات جاری کردیے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1002529
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش