0
Sunday 3 Jul 2022 23:31

کراچی کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کے دام آسمان پر، خریدار کم

کراچی کی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کے دام آسمان پر، خریدار کم
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں لگی مویشی منڈی میں ملک بھر سے بیوپاری جانور فروخت کرنے پہنچے ہیں، مگر جانوروں کے دام زیادہ ہونے کے سبب خریدار کم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سپر ہائی وے پر سجی مویشی منڈی کو ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کہا جاتا ہے، مگر اسے پاکستان کی مہنگی ترین منڈی بھی کہا جائے، تو غلط نہ ہوگا۔ اس مویشی منڈی میں ملک بھر سے بیوپار جانور فروخت کرنے آتے ہیں، یہاں جانور مہنگے ترین کیوں ہیں، اس حوالے سے بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ جانور مہنگے نہیں مگر آبائی علاقے سے مویشی منڈی تک پہنچتے پہنچتے ٹرانسپورٹ کے اخراجات کے باعث جانور کی قیمت دگنی ہو جاتی ہے، جب جانور اتنا مہنگا ہو تو کچھ خریدار کانوں کو ہاتھ لگاتے ہوئے مایوس واپس چلے جاتے ہیں، تو کچھ مجبوراً مہنگے ترین جانور خرید لیتے ہیں۔ مویشی منڈی میں اب تک ساڑھے چار لاکھ مویشی لائے جا چکے ہیں۔

خریداری کیلئے منڈی جانے والوں نے بتایا کہ منڈی بہت تیز ہے، بیوپاری منہ مانگی قیمتیں طلب کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے سودے نہیں بن رہے ہیں۔ بہت سے شہری پوری رات اور پورا دن بھی گھومنے کے بعد اپنا مطلوبہ یا پسندیدہ جانور تلاش کرنے میں ناکام ہو کر خالی ہاتھ لوٹ رہے ہیں۔ گائے بیلوں کی قیمت بھی گزشتہ سال سے تین گنا زائد قیمت مانگ رہے ہیں۔ بیوپاریوں نے بتایا کہ جانوروں کی ترسیل کی لاگت، انٹری فیس اور منڈی میں جگہ کا کرایہ، پانی چارہ مہنگا ہونے کی وجہ سے جانوروں کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کا معاملہ ہو یا رات 9 بجے کے بعد لائٹس بند کرنے کا، مویشی منڈی انتظامیہ کسی چیز پر عمل کرنے کو تیار نہیں۔
خبر کا کوڈ : 1002536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش