QR CodeQR Code

روس اور امریکہ، شام میں کارروائی کرنے پر ہمیں کچھ کہنے کا حق نہیں رکھتے، چاووش اوغلو

4 Jul 2022 21:21

اپنے انٹرویو میں ترکی کے وزیر خارجہ کا یوکرائن کو غذائی اجناس برآمد کرنے کے بارے میں کہنا تھا کہ ہم نے روس کو اطمینان دلایا ہے کہ یوکرائن کو غذائی اجناس کی برآمد اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہوگی نہ کہ دو طرفہ طور پر۔


اسلام ٹائمز۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے شام میں غیر قانونی فوجی کارروائیوں کے حوالے سے اپنے عزائم کا ذکر کرتے ہوئے فن لینڈ اور سویڈن سے کہا ہے کہ وہ نیٹو میں شامل ہونے کے لیے دہشت گردوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ترکی کے وزیر خارجہ ''مولود چاووش اوغلو'' نے آج (پیر) روس اور امریکہ کے خلاف اپنے سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دونوں ممالک حق نہیں رکھتے کہ شام میں ہماری فوجی کارروائیوں پر کوئی تبصرہ کریں۔ چاووش اوغلو نے ایک نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ترکی حکومت کے ایجنڈے میں شامل سیاسی اور ڈپلومیٹک مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر فن لینڈ اور سویڈن چاہتے ہیں کہ جتنا جلدی ہوسکے نیٹو کا حصہ بنیں تو انہیں اپنے وعدوں پر کار بند رہنا ہوگا۔ انہوں نے ترکی کے ساتھ سہ فریقی قرارداد پر عمل نہ کرنے کی صورت میں مذکورہ ممالک کو نیٹو کی رکنیت سے روکنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ فن لینڈ اور سویڈن اپنے قوانین کی اصلاح کریں، فقط دہشت گردوں کی واپسی کافی نہیں ہے۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے شام پر اپنی فوجی جارحیت کے عذر تراشتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور روس دونوں ہی حق نہیں رکھتے کہ شام پر ہمارے فوجی حملے کے بارے میں کچھ کہہ سکیں بلکہ انہیں چاہیئے کہ وہاں سے دہشت گردوں (کُرد مسلح گروہوں) کا قلع قمع کریں۔

ایک مقامی جریدے کے مطابق، چاووش اوغلو نے یوکرائن کو غذائی اجناس برآمد کرنے کے بارے میں کہا کہ ہم نے روس کو اطمینان دلایا ہے کہ یوکرائن کو غذائی اجناس کی برآمد اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہوگی نہ کہ دو طرفہ طور پر۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے ایک حصے میں کہا کہ مصر کے ساتھ ہمارے تعلقات سیاست کے علاوہ اچھے ہیں، البتہ مفاہمت اس طرح آگے نہیں بڑھ رہی، جس طرح ہم چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ جمعے کے روز فن لینڈ کے وزیر خارجہ ''پیکا ہاویسٹو'' نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ان کا ملک ہرگز اپنے قوانین میں تبدیلی کے مطالبے کو نہیں مان سکتا اور اس بات کا بھی امکان نہیں ہے کہ جن افراد کی حوالگی کا ترکی مطالبہ کر رہا ہے، بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے انہیں حوالے کر دیا جائے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے ترکی کے صدر رجب طیب اردغان کہہ چکے ہیں یہ ان کے ملک کی پارلیمان ہے جسے فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کا خیر مقدم کرنا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 1002709

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002709/روس-اور-امریکہ-شام-میں-کارروائی-کرنے-پر-ہمیں-کچھ-کہنے-کا-حق-نہیں-رکھتے-چاووش-اوغلو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org