QR CodeQR Code

ملک کی بربادی کیلئے تمام جماعتیں ایک ساتھ ہوئی ہے، خرم شیر زمان

5 Jul 2022 00:28

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پورا ملک مہنگائی سے تنگ ہے مگر ایم کیو ایم نے آواز نہیں نکالی، مولانا فضل الرحمان کہاں غائب ہیں، لوڈشیڈنگ نے ہر طبقے کی چیخیں نکال دیں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ملک کی بربادی کیلئے تمام جماعتیں ایک ساتھ ہوئی ہے، مراد علی شاہ پہلے سی سی آئی کی میٹنگ کیلئے عمران خان کو الزام دیا کرتے تھے، اب وفاق کے ساتھ ہیں تو میٹنگ کیوں نہیں بلاتے۔ خرم شیر زمان کا سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کے آنے کے بعد سے دن بدن عوام کیلئے مصیبتیں بڑھ رہی ہیں، رجیم چینج کے پیچھے جو اثرات تھے وہ سامنے آرہے ہیں، اس وقت کوئی ایسا گھر، دکان، فیکٹری ایسی نہیں جہاں لوڈشیڈنگ نہ ہو، ملک کی معیشت بٹھانے کیلئے لوڈ شیڈنگ کا ظلم بڑھایا جارہا ہے۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بڑی بڑی فیکٹریوں سے لیبر کو فارغ کردیا گیا ہے، ایکسپورٹ کیلئے مالکان نے آرڈر لینا چھوڑ دیا ہے، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پروڈکشن رک گئی ہے، ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کیا اب ٹھنڈ پڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کا پہیہ رک گیا ہے، ڈالر آج 215 میں بھی کہیں نہیں مل رہا ہے، میں چاہتا تھا مراد علی شاہ، بلاول کیلئے چوڑیاں لیکر آتا، مراد علی شاہ پہلے سی سی آئی کی میٹنگ کیلئے عمران خان کو الزام دیا کرتے تھے، اب وفاق کے ساتھ ہیں تو میٹنگ کیوں نہیں بلاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی بربادی کیلئے تمام جماعتوں نے تالی ماری ہوئی ہے، پورا ملک مہنگائی سے تنگ ہے مگر ایم کیو ایم نے آواز نہیں نکالی، پہلے جو بلاول اسلام آباد نکل جاتے تھے مہنگائی کیخلاف اب وہ بلاول کہاں ہیں، بلاول کو فارن منسٹری کا جہاز مل گیا ہے اس لئے بلاول صرف دنیا گھومنے میں مصروف ہیں۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کہاں غائب ہیں، لوڈشیڈنگ نے ہر طبقے کی چیخیں نکال دیں ہیں، عمران خان نے کراچی کو اضافی بجلی دی، میرا سوال ہے وہ بجلی کہاں گئی؟، جہاں 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوا کرتی تھی وہاں آج 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1002735

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1002735/ملک-کی-بربادی-کیلئے-تمام-جماعتیں-ایک-ساتھ-ہوئی-ہے-خرم-شیر-زمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org