0
Tuesday 5 Jul 2022 02:40

لبنان کے صدر سے فلسطینی وفد کی ملاقات

لبنان کے صدر سے فلسطینی وفد کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (PLO) اور تحریک الفتح کی مرکزی کمیٹی کے ارکان کے وفد نے لبنان کے صدر سے ملاقات کی۔ کل پیر کے روز تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ''عزام الاحمد'' کی قیادت میں ایک فلسطینی وفد نے لبنان کے صدر میشل عون سے ملاقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ الاحمد نے اس ملاقات میں لبنان کے صدر سے لبنانی عوام اور حکومت کی فلسطینی عوام سے وابستگی اور مسئلہ فلسطین پر ان کے واضح موقف کی تعریف کی اور لبنان میں شفاف انتخابات کے انعقاد پر انہیں مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لبنان کی موجودہ بحرانوں پر قابو پانے اور اپنا مخصوص کردار ادا کرنے کی صلاحیت پر اعتماد ہے۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق، الاحمد نے لبنان کے صدر کو فلسطین کی سیاسی تحریکوں، ملت فلسطین، ان کے مقدسات اور مسیحیوں بالخصوص شھر قدس میں صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت اور فلسطینی عوام کی صیہونی افواج اور غاصب صیہونی آباد کاروں کے خلاف تمام کیمپوں، شہروں اور مغربی کنارے کے تمام علاقوں میں مقاومت کے حالات سے آگاہ کیا۔ میشل عون نے بھی اس امر کی امید ظاہر کی کہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کا قبضہ ختم ہونے کے قریب ہے اور 1967ء کی سرحدوں پر فلسطین کی آزاد ریاست قائم ہوگی، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہوگا۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے فلسطینیوں کے باہمی اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 1002769
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش